اسلام آباد ہائی کورٹ کاسابق آئی جی آفتاب چیمہ کے خلاف انکوائری رپورٹ پیش نہ کرنے پر برہمی کا اظہار

ایمانداری سے کام کرنے والے افسر کے خلاف ظلم کا سلسلہ بند ہونا چاہیے،جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے ریمارکس

پیر 14 مارچ 2016 22:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔14 مارچ۔2016ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق آئی جی اسلام آباد آفتاب چیمہ کے خلاف کی گئی انکوائری رپورٹ پیش نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے ہیں کہ ایمانداری سے کام کرنے والے افسر کے خلاف ظلم کا سلسلہ اب بند ہونا چاہئے۔پیر کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے سابق آئی جی اسلام آباد آفتاب چیمہ کی پروموشن روکنے کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کی جانب سے مصطفی رمدے ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ جن الزامات کے تحت درخواست گزار کی پروموشن روکی گئی تھی وہ تمام الزامات انکوائری میں غلط ثابت ہوئے ہیں ، انکوائری رپورٹ میں آفتاب چیمہ کو تمام الزامات سے بری الذمہ قرار دیے جانے کے باوجود پروموشن روکی گئی جو قانونی طور پر درست نہیں۔ عدالت نے ڈپٹی اٹارنی جنرل کی جانب سے سابق آئی جی اسلام آباد کے خلاف کی گئی انکوائری رپورٹ پیش نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا اور17مارچ کو کیس سے متعلق مکمل ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔