قبضہ مافیا کے خلاف پاسبان کی نیو سبزی منڈی سپر ہائی وے میں ریلی ،اصل مالکان کو ان کی دکانوں سے محروم کرنے کا نوٹس لیا جائے ،پاسبان

نور خان کی دکان پر قابض افضل خان کے خلاف ایف آئی آر درج اور نور خان کو دکان واپس دلوائی جائے ، پاسبان رہنماؤں کی اپیل

پیر 14 مارچ 2016 22:31

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 مارچ۔2016ء) پاسبان پاکستان کے سینئر رہنما جواد شیرازی اور پاسبان فروٹ اینڈ ویجیٹیبل مارکیٹ کے صدر ضیاء الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت سندھ فروٹ اینڈ ویجیٹیبل مارکیٹ نیو سبزی منڈی سپر ہائی وے میں قبضہ مافیا کے ہاتھوں اصل مالکان کو دکانوں سے محروم کرنے کا نوٹس لے ۔ قبضہ مافیا کے خلاف کاروائی اور اصل مالکان کو ان کی دکانوں کا قبضہ دلوایا جائے ۔

نورخان کی دکان پر قبضے کی تمام دستاویزات پاسبان حکومت سندھ ، پولیس ، رینجرز اور مارکیٹ کمیٹی کو فراہم کرچکی ہے مگر تاحال نور خان کو اس کی دکان کا قبضہ دلوانے کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے جس کی وجہ سے پاسبان احتجاج پر مجبور ہوئی ہے ۔ نورخان کی دکان پر قابض افضل خان کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے اسے گرفتار کیا جائے اور نورخان کو دکان کا قبضہ دلوایا جائے ۔

(جاری ہے)

وہ پاسبان کے زیر اہتمام فروٹ اینڈ ویجیٹبل مارکیٹ میں ریلی کے شرکاء سے خطاب کررہے تھے ۔ پولیس کی بھاری نفری نے پہنچ کر مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کی۔ پاسبان رہنماؤں نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قبضہ مافیا نے اصل مالکان کو ان ہی کی دکانوں پر ملازم بنا کر رکھا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاسبان کی سیاسی جدوجہد مظلوم عوام کو انصاف اور ان کے حقوق دلوانے کے لئے ہے اگر حقوق فراہم کرنے والے ادارے ہی قبضہ مافیا کی سرپرستی کریں گے تو مظلوم عوام سڑکوں پر آکر اپنے حق کے لئے آواز بلند کرنے اور احتجاج کرنے پر مجبور ہوتے ہیں۔

دوران احتجاج ایس ایس پی ملیر راؤ انوار نے پاسبان رہنماؤں سے رابطہ کرکے یقین دہانی کرائی کہ وہ اس معاملے کے حل کیلئے اقدامات کریں گے۔ پاسبان رہنماؤں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ اصل مالکان کو قبضہ نہیں دلوایا گیا تو پاسبان راست اقدام پر مجبور ہوگی ۔