وفاقی وزیرداخلہ آئندہ ماہ صحافتی، اخباری ونشریاتی اداروں کی تنظیموں اور علماء کا مشترکہ اجلاس بلائیں گے

اجلا س میں وزیراعظم اور آرمی چیف بھی شرکت کرینگے ، میڈیا اور علماء کو نیشنل ایکشن پلان کے تحت حاصل کامیابیوں بارے اعتماد میں لیا جائے گا

پیر 14 مارچ 2016 22:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔14 مارچ۔2016ء) وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان آئندہ ماہ صحافتی، اخباری ونشریاتی اداروں کی تنظیموں اور علماء کا مشترکہ اجلاس بلائیں گے جس میں وزیراعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف بھی شرکت کرینگے ، اجلاس میں میڈیا اور علماء کو نیشنل ایکشن پلان میں ان کے تعاون اور اس میں حاصل کامیابیوں بارے اعتماد میں لیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان جلد صحافتی تنظیموں ، اخباری اور نشریاتی اداروں کی تنظیموں،اے پی این ایس، سی پی این ای ، پی پی اے اور علماء کرام کا ایک مشترکہ اجلاس بلا رہے ہیں جس میں وزیر اعظم نوازشریف اور جنرل راحیل شریف بھی خصوصی طور پر شرکت کریں گے۔ اجلاس میں سانحہ اے پی ایس پشاور کے بعد جاری دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب میں میڈیا کے تعاون پر اظہار تشکرکیا جائے گا جبکہ وزیرداخلہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت کئے گئے اقدامات پر میڈیا اور علماء کرام کو اعتماد میں لیں گے۔ ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں مشاورت کا عمل جاری ہے اور یہ اجلاس ممکنہ طور پر اپریل میں ہو گا۔