الجیریا کے زرمبادلہ کے ذخائر 143 ارب ڈالر رہ گئے، آئی ایم ایف

منگل 15 مارچ 2016 11:33

الجائرز ۔ 15 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔15 مارچ۔2016ء) بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے کہا ہے کہ 2015 ء کے دوران الجیریا کے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کم ہوکر 143 ارب ڈالر رہ گئے ہیں جس کی وجہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہے۔گزشتہ روز آئی ایم ایف کی جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق الجیریا کی معیشت کا انحصار تیل کی فروخت پر ہے، ملک کی 95 فیصد برآمدات پٹرولیم پر مشتمل اور ان سے ہونے والی آمدنی ملکی بجٹ کا 60 فیصد سے زیادہ حصہ پورا کرتی ہے۔

(جاری ہے)

پٹرولیم مصنوعات سے ہونے والی آمدنی کم قیمتوں کے باعث 41 فیصد کم ہوکر 35.72 ارب ڈالر پر آگئی جبکہ 2016 ء کے دوران یہ مزید کم ہوکر 26.4 ارب ڈالر رہنے کا امکان ہے۔آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ خام تیل کی قیمتوں میں کمی نے الجیریا کی حکومت کو بجٹ محدود کرنے، سبسڈیز کو ایڈجسٹ کرنے اور انفراسٹرکچر کی تعمیر و ترقی کے منصوبے ملتوی کرنے پر مجبور کردیا ہے اور فنڈنگ کیلئے چین کا رخ کرنے پر مجبور کردیا ہے۔ادھر حکومت کا کہنا ہے کہ اس کے ریزروز اسے تحفظ فراہم کرنے کیلئے کافی ہیں۔یاد رہے کہ 2013 ء کے اختتام پر الجیریا کے فارن ایکچینچ ریزروز کی مالیت 194 ارب ڈالر تھی جو اب کم ہوکر 143 ارب ڈالر رہ چکے ہیں۔