شجر کاری مہم کے حوالے سے ضلعی ہیڈ کوارٹر گوریکوٹ میں تقریب کا انعقاد

منگل 15 مارچ 2016 12:19

استور ۔ 15 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔15 مارچ۔2016ء) ضلع استور میں شجر کاری مہم کے حوالے سے ضلعی ہیڈ کوارٹر گوریکوٹ میں ایک تقریب منعقد ہوئی ۔تقریب سیکرٹری جنگلات سجاد حیدر کی صدارت میں ہوئی جس کے مہمان خصوصی پارلیمانی سیکرٹری برائے سیاحت برکت جمیل تھے۔ تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے برکت جمیل نے کہا ہے کہ انسانی زندگی کے لئے جنگلات کا ہونا بہت ضروری ہے جنگلات کی ترقی کے لئے ہم کام کر رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان استور کے مسائل پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں ،استور سے تھیچلی تک روڈ کی تعمیر کے حوالے سے 30کروڑ روپے منظور ہو چکے ہیں اور پہلے مرحلے میں یہ روڈ شکن تک تعمیر کیا جائے گا اور ہماری کوشش ہے کہ یہ روڈ چینی کمپنی کے تھرو تعمیر کیا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ استور میں اچھا کام کرنے والے سرکاری افسران اور ملازمین کی حوصلہ افزائی کی جائے گی ،ڈیوٹی پر غفلت برتنے والے تمام سرکاری ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنگلات سجاد حیدر خان نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے اندر جنگلات کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے کام کیا جا رہا ہے اس سال تقریبا 10لاکھ سے زیادہ پودے لگائے جا رہے ہیں ،موسمی تبدیلی کی وجہ سے جنگلات کی اہمیت میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع استور میں سب سے زیادہ قدرتی وسائل موجود ہیں مگر ان کے تحفظ اور مارکیٹنگ کے حوالے سے کام کرنا ہو گا۔