ڈسٹرکٹ پریس کلب رحیم یارخان میں ایک روزہ ہنگامی انخلاء کی تربیتی ورکشاپ منعقد

منگل 15 مارچ 2016 12:25

رحیم یار خان ۔ 15 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔15 مارچ۔2016ء) ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسررحیم یارخان ڈاکٹر عبدالستار بابر کی ہدایات پر موجودہ صورتحال پر میڈیا کے اہم رول کو مد نظر رکھتے ہوئے ایک روزہ ہنگامی انخلاء کی تربیتی ورکشاپ کا اہتمام ڈسٹرکٹ پریس کلب رحیم یارخان میں کیا گیا ۔ جس میں ریسکیو 1122کی کمیونٹی ٹریننگ ٹیم نے پریس کلب کے تمام اراکین کو ہنگامی انخلاء کی تربیت فراہم کی۔

اس ٹریننگ کا مقصد عمارت میں آگ لگنے اور دھماکہ ہونے یا کسی بھی قسم کے حملے کی صورت میں ہنگامی طور پر محفوظ اور پہلے سے مقرر کئے گئے راستوں کو اپناتے ہوئے عمارت سے باہر نکل جانے اور وہاں سے گھروں تک پہنچانے کے لیے کئے گئے انتظامات کی تربیت فراہم کرنا تھا، اس کے علاوہ دہشت گردوں کے حملے کی صورت میں مختلف 4 طریقے سمجھائے گئے جس سے جانی نقصان کو کم سے کم کیا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

جنہیں اپناکر افراد محفوظ راستوں کے ذریعے خطرے والی جگہوں سے بحفاظت نکلنے میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔اس کے علاوہ متعلقہ عمارت کی سطح پر مختلف 6ٹیمیں بنانے، ان کے ذمے مختلف ذمہ داریاں لگانے کی تربیت فراہم کی گئی۔ پریس کلب کے صدر رانا امتیاز، سینئر نائب صدر بشیر احمد چوہدری، سیکرٹری جنرل عاصم صدیق ،انفارمیشن سیکرٹری محمد ثاقب،قیصر غفور اور دیگر نے تربیت حاصل کرنے لینے کے بعد ریسکیو 1122کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔