لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب کی چار جامعات کے وائس چانسلرز کی تقرریوں کے خلاف دائر درخواست کی سماعت چوبیس مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے سیکرٹری کو ریکارڈ سمیت ذاتی حیثیت میںطلب کر لیا۔

Umer Jamshaid عمر جمشید منگل 15 مارچ 2016 13:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15 مارچ۔2016ء) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے کیس کی سماعت کی۔پنجاب یونیورسٹی کے وکیل نے بتایا کہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو قانونی تقاضے مکمل کر نے کے بعد تعینات کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ تعیناتیاں حکومتی پالیسی اور قوانین کو مد نظر رکھ کر میرٹ پر کی گئیں۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کے وکیل اظہر صدیق نے موقف اختیار کیاکہ حکومت پنجاب نے من پسند پروفیسرز کو وائس چانسلرز کے عہدے پر تعینات کرنے کے لئے قوانین تبدیل کر دئیے،، قوانین کے تحت وائس چانسلرز کی تعیناتی سے قبل ہائر ایجوکیشن کمیشن سے مشاورت ضروری ہے۔

سرکاری وکیل نے ہائر ایجوکیشن کی جانب سے جواب داخل کرنے کے لئے مزید مہلت کی استدعا کی۔جس پر عدالت نے سیکرٹری ہائر ایجوکیشن کمیشن کو ریکارڈ سمیت ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت چوبیس مارچ تک ملتوی کر دی۔