30جون سے اربن مواضعات کی کمپیوٹرائزیشن کیلئے الگ پراجیکٹ شروع کرنے کااعلان

منگل 15 مارچ 2016 13:36

فیصل آباد۔15 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔15 مارچ۔2016ء ) حکومت پنجاب نے 30جون سے اربن مواضعات کی کمپیوٹرائزیشن کیلئے الگ پراجیکٹ شروع کرنے کااعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس ضمن میں سابقہ دستاویزات اور پرانے رجسٹرڈ ڈیڈز کو محفوظ کرنے سمیت انڈیکس کی تکمیل شروع ہو چکی ہے تاکہ اسے لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے ساتھ لنک کیاجاسکے۔

(جاری ہے)

فیصل آباد ڈویژنل انتظامیہ کے ترجمان نے بتایاکہ پنجاب بھر کی تمام تحصیلوں میں نئی شاندار بلڈنگز یعنی اراضی ریکارڈ سنٹرز قائم کئے گئے ہیں جہاں مواضعات کی کمپیوٹرائزیشن کے بعد ان کو نوٹیفائیڈ کرتے ہوئے پٹواریوں کے دائرہ کار سے فرد اور انتقال کی منظور ی کو نکالتے ہوئے عوام کو ان اراضی سنٹرز کے ذریعے سے خدمات کی فراہمی شروع کردی گئی ہے۔ ہر مالک اراضی کو 30منٹ سے کم وقت میں فردات کا اجرا کیا جا رہا ہے اور انتقالات کا اندراج و تصدیق کا عمل 50 منٹ میں مکمل کیا جاتا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ اراضی ریکارڈ سنٹرز ہائے پر قطا ر بندی قائم کر کے وی آئی پی کلچر کا خاتمہ کیا گیا ہے جبکہ شکایات کے سلسلہ میں فری کال سنٹر کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔