پاکستان میں انار کازیر کاشت رقبہ 13493 ہیکٹرز اور سالانہ پیداوار ساڑھے 6ہزار ٹن تک پہنچ گئی

منگل 15 مارچ 2016 13:46

فیصل آباد۔15 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔15 مارچ۔2016ء )پاکستان میں انار کازیر کاشت رقبہ 13493 ہیکٹرز اور سالانہ پیداوار ساڑھے 6ہزار ٹن تک پہنچ گئی ہے جبکہ باغبان بیدانہ ، میٹھا، قندھاری ، جھالاری ، ترش ، علی پور اقسام کا انار کاشت کرکے شاندار فصل حاصل کرسکتے ہیں۔ماہرین زراعت نے بتایاکہ 100گرام انار میں 70گرام کیلریز ، 6.1ملی گرام وٹامن سی ، 3ملی گرام کیلشیم ،17.17 گرام کاربوہائیڈریٹ ، 0.30 ملی گرام آئرن ، 8ملی گرام فاسفورس ، 0.12 ملی گرام زنک ، 259 ملی گرام پوٹاشیم ، 3ملی گرام میگنیشیم ، 0.6ملی گرام فائبر ہوتاہے ۔

انہوں نے بتایاکہ پاکستان میں انار کی زیادہ تر کاشت لورالائی ، قلات، کوئٹہ ، پشاور ، ڈیرہ اسماعیل خان ، تحصیل علی پورضلع مظفر گڑھ، مری ، چوآ سیدن شاہ، کشمیر میں کی جاتی ہے تاہم یہ دیگر علاقوں میں بھی آسانی سے کاشت کیاجاسکتاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ انار کو تازہ حالت سمیت خشک کرکے انار دانے کی صورت میں بھی استعمال کیاجاتاہے۔ انہوں نے بتایاکہ انار دانتوں ، گلے ، پیٹ کی کئی امراض سمیت ملیریا، ٹائیفائیڈ بخار ، دل ، معدے کی بیماریوں میں بھی انتہائی اکثیر ثابت ہواہے ۔ انہوں نے بتایاکہ انار کی کاشت مختلف قسم کی آب و ہوا میں کی جاسکتی ہے مگر اعلیٰ کوالٹی کیلئے موسم گرما میں گرم خشک موسم اس کی کاشت کیلئے شاندار ہوتاہے ۔