قومی اسمبلی نے اقلیتوں کیلئے ان کے مذہبی تہواروں کے موقع پر عام تعطیل کی قرار داد منظور کرلی

چھٹیوں کا اختیار وزارت داخلہ کے پاس ہے ‘پیر امین الحسنات حکومت ہولی،دیوالی اورایسٹرپرعام تعطیلات کے اقدامات کرے ‘ قرارداد کا متن

منگل 15 مارچ 2016 14:08

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 مارچ۔2016ء) قومی اسمبلی نے اقلیتوں کیلئے ان کے مذہبی تہواروں کے موقع پرعام تعطیل کی قرارداد منظورکرلی ہے۔منگل کو قومی اسمبلی میں اجلاس کے دوران مسلم لیگ (ن) کے رکن رمیش کمارنے قرارداد پیش کی، جس میں کہا گیا تھا کہ ملک میں بسنے والی اقلیتوں کے مذہبی تہواروں دیوالی، ہولی اور ایسٹر کے موقع پر ان کے لیے عام تعطیل کا اعلان کیا جائے۔

(جاری ہے)

قرارداد پر بحث کے دوران وزیر مملکت برائے مذہبی امور پیر امین الحسنات نے ایوان کو بتایا کہ چھٹیوں کا اختیار وزارت داخلہ کے پاس ہے جب کہ وفاقی وزیراطلاعات پرویزرشید نے کہا کہ پاکستان میں چھٹیوں کی تعداد دنیا میں سب سے زیادہ ہے، پاکستان میں چھٹیوں کے معاملہ پر نظرثانی ہونی چاہیے، اگر چھٹیوں پر نظر ثانی کی جائے تو اقلیتوں کو چھٹیاں مل سکتی ہیں، انہوں نے درخواست کی کہ قرارداد کو مسترد نہ کیا جائے۔بعد ازاں ایوان نے قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی، قرارداد میں کہا گیا کہ ایوان کی رائے ہے کہ حکومت ہولی،دیوالی اورایسٹرپرعام تعطیلات کے اقدامات کرے۔