انرجی بحران کے باعث ایکسپورٹ میں200ارب کی کمی تشویشناک ہے‘ راجہ عدیل

منگل 15 مارچ 2016 15:01

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 مارچ۔2016ء)ایگزیکٹو ممبر لاہور چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری وانجمن تاجران لوہا مارکیٹ شہید گنج (لنڈا بازار)لاہورکے سینئر نائب صدرراجہ عدیل نے انرجی بحران کے باعث ایکسپورٹ میں 200ارب کی کمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ برآمدات میں اضافہ کیلئے حکومت توانائی بحران کے خاتمہ کیلئے موثر اقدامات کرے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک میں دستیاب تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں جن میں کالا باغ ڈیم کی تعمیر ،سولر پاور، ونڈ پاور بھی شامل ہے ۔راجہ عدیل نے کہا کہ برآمدات میں کمی کا ایک بڑا سبب مہنگی بجلی، مہنگی گیس و لوڈ شیڈنگ بھی ہے برآمدات میں کمی سے صنعتکار برادری بھی مالی مشکلات کا شکار ہے۔انہوں نے کہا کہ بجلی و گیس کی قیمتوں میں کمی اور توانائی بحران کے خاتمہ سے ہی برآمدات میں اضافہ ممکن ہے اس سے حکومت کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا اور حکومت مالی بحران سے بھی نجات حاصل کرلے گی جس کے باعث آئی ایم ایف جیسے مالی اداروں سے ان کی شرائط پر مہنگے قرضے حاصل کیے جارہے ہیں اور ملک میں ٹیکسوں کی بھرمار ہے۔