پاکستان چین کے اقتصادی بلیو پرنٹ کو بے حد سراہتا ہے ، مسعود خالد

منگل 15 مارچ 2016 15:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15 مارچ۔2016ء) چین میں متعینہ پاکستان کے سفیر مسعود خالد نے کہا کہ پاکستان قومی عوامی کانگریس کے جاری اجلاس میں پیش کئے جانے والے چین کے اقتصادی بلیو پرنٹ کو انتہائی سراہتا ہے اور امید رکھتا ہے کہ یہ مضبوط عالمی معیشت اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ اس کے تجارتی اور کاروباری تعلقات میں مساوی صورتحال کی قیادت کرے گا ۔

انہوں نے کہا کہ چین کا پنجسالہ منصوبہ ( 2016-2020)اپنے عوام بالعموم دنیا بھر کیلئے بہتر زندگی کو یقینی بنانے کے لئے ملک کے مضبوط عزم کا آئینہ دار ہے ، پاکستان کے عوام اور حکومت چاہتے ہیں کہ چین پھلتا پھولتا رہے اور علاقائی ترقی میں اس کا کردار نمایاں ہو ۔چین کے کثیر الاشاعت جریدہ گلوبل ٹائمز سے باتیں کرتے ہوئے پاکستانی سفیر نے کہا کہ چین دنیا کی دوسری بڑی معیشت ہے جو کہ عالمی پیداوار کا ایک چوتھائی ہے ، عالمی معیشت بالعموم حالیہ برسوں میں سست رہی ہے ، ایسے پس منظر میں چینی معیشت کا عالمی اقتصادی نقشے پر تاثر دور رس اہمیت کا حامل ہے ۔

(جاری ہے)

سفیر نے اس یقین کا اظہار کیا کہ چین درپیش چیلنجوں اور مواقعوں سے پوری طرح با خبر ہے ، محتاط طورپر مرتب کیا جانے والا 13واں پنجسالہ منصوبہ بڑے پیمانے پر مینو فیکچرنگ اور زیادہ گنجائش کے چیلنجوں سے نبرد آزما ہونے کے لئے دانشمندانہ اقدام والی حکمت عملی ہے اس کے علاوہ یہ اعلیٰ ٹیکنالوجی اور ایکو دوست پیداوار کی پالیسی کو بڑھانے کی بھی بہترین حکمت عملی ہے ، منصوبے میں پیش کیے جانے والا مربوط ترقیاتی ماڈل چین کے تمام علاقوں کی مجموعی ترقی اور خوشحالی کا باعث ہو گا ۔

مسعود خالد نے کہا کہ دوسیشنوں سے انہوں نے شفافیت اور کھلے پن کے بارے میں چینی قیادت کی کوششوں کا نظارہ کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ دونوں سیشن چین کی حقیقت پسندانہ اور سماجی بہبود کے اندازے کا مظہر ہیں ، قیادت دونوں سیشنوں کے دوران غیر ملکی ماہرین اور ان کی آراء پر پوری توجہ دے رہی ہے ، چین کے مستقبل کے پیداواری معمار کے طورپر جدت پسندی اور کوالٹی کی باتیں ہورہی ہیں ۔

مسعوخالد نے کہا کہ سفارتکاری میں ہم کئی اہم مسائل کے ازالے میں چین کی پختگی اور وضاحت دیکھ رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم لی کی جیانگ کی حکومتی کارکردگی رپورٹ درپیش کاموں کے پر امید اور ٹھوس اندازے کی آئینہ دار ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین نے معیشت ، سماجی بہبود اور مجموعی ترقی کے شعبوں میں مستقبل کا جو راستہ اپنا یا ہے یہ اس کی عملی اور دانشمندانہ حکمت عملی ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ رپورٹ ایسے پر امید چین کا احساس دلاتی ہے جو اپنی قوت اور چیلنجوں سے پوری طرح آگاہ ہے اور امن و سلامتی کو بڑھاوا دینے میں اپنے بین الاقوامی کردار کو پوری طرح سمجھتا ہے ۔

متعلقہ عنوان :