نقل کی لعنت سے نوجوان نسل کو چھٹکارا دلانے کیلئے ہر مکتبہ فکر کو اپنا کر دار نبھانا ہو گا، پروفیسر سراج احمدکاکڑ

منگل 15 مارچ 2016 16:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔15 مارچ۔2016ء) چیئرمین بلوچستان بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجو کیشن ڈاکٹر پروفیسر سراج احمدکاکڑ نے کہا ہے کہ نقل کے تدارک کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے میٹرک کے امتحان میں نقل کا خاتمہ کیا گیا ہے اس لعنت سے نوجوان نسل کو چھٹکارا دلانے کیلئے ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے ہر ذی شعور شخص کو اپنا کر دار نبھانا ہو گا تاکہ بلوچستان بورڈ کی کاوشیں سود آور ثابت ہو سکیں یہ بات انہوں نے مختلف امتحانی سینٹرزکا معائنہ کرنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کر تے ہوئے کہی چیئرمین بورڈ نے کہا نقل ایک ناسور ہے جو مستقبل کے معماروں کو ذہنی طور پر مفلوج اور تعلیمی پسماندگی کا باعث بنتی ہے انہوں نے کہا کہ ہم نے تہہ کر رکھا ہے کہ طلباء کے مستقبل کو محفوظ بنا نے اور معیار تعلیم کی بہتری کیلئے نقل کے رجحان کا خاتمہ کر کے محنتی طلباء کی حوصلہ افزائی کرینگے تاکہ طلباء محنت کی جانب راغب ہو کر دیگر صوبوں کے نوجوانوں کا تعلیمی میدان میں مقابلہ کر سکیں انہوں نے کہا کہ والدین اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے تمام مکتبہ فکرسے تعلق رکھنے والے افراد کو آگے آکر اپنے بچوں کا مستقبل محفوظ بنا نے کیلئے نقل کے رجحان کو ہمیشہ کیلئے ختم کر نا چا ہئے تاکہ بلوچستان سے تعلیمی پسماندگی اور نقل کے ناسور کو ختم کر کے بلوچستان کے طلباء کو معیاری تعلیم کی فراہمی صاف اور شفاف امتحانات کے انعقاد کو یقینی بنا نے میں مدد مل سکیں اور بلوچستان کے طلباء صوبے کے تعلیمی میدان میں اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر آگے بڑھ کر پاکستان کے دیگر صوبوں اور علاقوں کے طالب علموں کا تعلیمی سمیت دیگر شعبہ ہائے زندگی کے میدان میں مقابلہ کر کے اپنے صوبے کا نام روشن کر کے اپنے بہتر مستقبل کو سنوار سکیں کیونکہ آج کے نوجوان کل کے ملک کے معمار بنیں گے جنہوں نے ملک کی بھاگ دوڑ سنبھالنی ہے اور خطے کو ترقی کی راہ پر گامزن کر کے دنیا کو باور کرانا ہے کہ ہمارے ملک اور صوبے کے نوجوان تعلیم سمیت کسی بھی میدان سمیت دنیا بھر کے نوجوانوں سے قابلیت اور صلاحیت میں کم نہیں ہیں انہوں نے کہا کہ بورڈ کے لئے گئے اقدامات کے باعث بوٹی ما فیا کا مکمل طور پر خاتمہ کر دیا گیا ہے جس کی وجہ سے محنت کرنے والے طلباء اپنے قابلیت کا بھر پور مظاہرہ کر سکتے ہیں۔