پیسکو کے نائب قاصد نے 53سال کی عمر میں گریجویشن کرنے کی ٹھان لی

منگل 15 مارچ 2016 17:09

پشاور۔15 مارچ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔15 مارچ۔2016ء )پیسکو میں نائب قاصد نے علم کی شمع سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے 53سال کی عمر میں گریجویشن کرنے کی ٹھان لی اور نویں جماعت کا پرچہ دیا ان کا کہناتھا کہ تعلیم کیلئے عمر کی قید نہیں فرمان نبویﷺ ہے کہ علم حاصل کرو چاہیے تمہیں چین ہی کیوں نہ جانا پڑے۔ گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول نمبر1پشاور کینٹ میں دلچسپ صورتحال اس وقت دیکھی گئی جب 53 سال کے شخص کو کمرہ امتحان میں دیکھ کر میٹرک کے طلبا پہلے تو یہ سمجھے کہ محمد شفیق شاید ان کا استاد ہے مگر اس کو امتحان دینے والوں کی سیٹ پر بیٹھے دیکھ کر انہیں نہ صرف خوش گوار حیرت ہوئی اور یہی حیرت ڈیوٹی پر تعینات اساتذہ کو بھی ہوئی۔

محمد شفیق نے نویں جماعت کا پہلا پرچہ دیا، ان کا کہنا تھا کہ پیپر کافی اچھا دیاہے اور امید ہے کہ باقی پیپرز بھی اچھے ہونگے ، محمد شفیق نے کہاکہ اپنی بیٹیوں کے اصرار پر ہی وہ امتحان دینے کے لیے آیا ہے اس کی2 بیٹیاں ماسٹرز کرچکی ہیں، ایک گریجویٹ ہے، ایک اسی کے ساتھ میٹرک کا امتحان بھی دے رہی ہے اور چھوٹی بیٹی آٹھویں میں ہے۔

(جاری ہے)

تمام گھر والے اعلی تعلیم یافتہ ہے اور انہیں احساس ہواہے کہ زندگی کے لئے تعلیم انتہائی اہمیت کی حامل ہے اسلئے انہوں 53 سال کی عمر میں تعلیم جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ آج پہلا پرچہ دینے آیاہوں ، ان کاکہنا تھا کہ بی اے تک اپنی تعلیم جاری رکھوں گا، انہوں نے کہاکہ 33 سال بعد میٹرک کا امتحان دے رہا ہوں اور آئندہ بھی اپنا تعلیمی سلسلہ جاری رکھوں گا ،