جائیکا اور یونیسف کے درمیان پاکستان میں پولیو وائرس کے خاتمہ کیلئے 3 ملین ڈالر کی گرانٹ کے معاہدے پر دستخط

منگل 15 مارچ 2016 17:29

اسلام آباد ۔ 15 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔15 مارچ۔2016ء) حکومت جاپان کے بین الاقوامی تعاون کے ادارہ (جائیکا) اور یونیسف نے پاکستان میں پولیو وائرس کے خاتمہ کیلئے 3 ملین ڈالر کی گرانٹ کے ایک معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔ یہ گرانٹ پولیو ویکسین کی 16078990 ڈوزز کی خریداری کیلئے استعمال ہو گی جس کے تحت 5 سال سے کم عمر کے 14356241 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو سینیٹر عائشہ رضا فاروق نے امداد کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت جاپان پاکستان میں بچوں کی مدد کیلئے مسلسل امداد دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ امداد ایسے موقع پر دی گئی ہے جب پولیو وائرس محدود ہو کر صرف 3 علاقوں تک رہ گیا ہے جن میں خیبر پختونخوا کوریڈور، کراچی اور کوئٹہ بلاک شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پولیو وائرس کے مکمل خاتمے کیلئے ضروری ہے کہ کوئی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے۔

معاہدے پر دستخط کی تقریب کے موقع پر جاپان کے ناظم الامور جونیامستورا نے پاکستان میں 2015ء کے دوران پولیو کے خاتمے کی پیش رفت کی تعریف کی اور کہا کہ اس سلسلے میں تمام سٹیک ہولڈرز کے تعاون کی ضرورت ہے۔ انہوں نے پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کیلئے حکومت جاپان اور یونیسف کے ٹھوس تعاون کی عزم کا اظہار کیا۔ پاکستان میں جائیکا کے نمائندہ یاسوہیرو توجو نے کہا کہ ہم پرامید ہیں کہ اس گرانٹ سے پاکستان میں پولیو کے وائرس کے خاتمہ کے حتمی مرحلہ کی کامیابی میں مدد ملے گی۔ پاکستان میں یونیسف کی نمائندہ انجیلا کیرنی نے کہا کہ اگر پاکستان کے تمام علاقوں میں انسداد پولیو مہم کو موثر طور پر کامیاب بنایا جائے تو اس سال پولیو کے خاتمے کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :