سینٹرل سپیریئر سروسز کیلئے نئی پالیسی جلد مرتب کی جائیگی، تیاری کے بعد اسے کابینہ میں منظوری کیلئے پیش کردیا جائے گا،سی ایس ایس امتحان کیلئے عمر کی حد28سے30سال کرنے کی تجویز ناقابل عمل ہونے کی بناپرردکی گئی

قومی اسمبلی میں وزیرمملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب کا نفیسہ عنایت اﷲ کے توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب

منگل 15 مارچ 2016 18:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15 مارچ۔2016ء) قومی اسمبلی میں وزیرمملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب نے ایوان کو آگاہ کیا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر وفاقی وزیرترقی ومنصوبہ بندی احسن اقبال کی سربراہی میں قائم کمیٹی جلد سینٹرل سپیریئر سروسز کے لئے نئی پالیسی مرتب کرے گی جس کی تیاری مکمل ہونے پراسے کابینہ میں منظوری کے لئے پیش کردیا جائے گا،سی ایس ایس امتحانات میں شرکت کے لئے عمر کی حد28سے30سال کرنے کی تجویز ناقابل عمل ہونے کی بناپرردکی گئی۔

(جاری ہے)

منگل کو ایوان میں نجی کارروائی کے روز پی ٹی آئی کی نفیسہ عنایت اﷲ خان خٹک کے توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے وزیرمملکت نے کہا کہ سپریئر سروسز پالیسی میں اصلاحات کیلئے وزیراعظم کی ہدایت پر وفاقی وزیراحسن اقبال کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی گئی ہے جو اپنا کام کررہی ہے،کمیٹی کی سفارشات تیارہونے پر انہیں منظوری کے لئے کابینہ میں پیش کردیاجائیگا،انہوں نے کہا کہ سی ایس ایس کے امتحانات میں صوبوں کا کوٹہ بھی مقررہے اوراوپن میرٹ پر بھی آسامیاں موجود ہوتی ہیں،انہوں نے کہا کہ اس وقت سی ایس ایس کے مقابلے میں شرکت کے لئے عمر کی حد28سال مقررکی گئی ہے اس حد کو30سال کرنے کی تجویز اس لئے مقررکی گئی کیونکہ فیڈرل سیکرٹری کے عہدے سے ترقی کے لئے کم ازکم24سال کی سروس ضروری ہے اگر عمر کی حد میں مزید2سال کی رعایت دی جائے تو پھر فیڈرل سیکرٹری کے عہدے پر ترقی پانے والوں کو تین یا چار سال بھی نہیں ملیں گے کیونکہ ریٹائرمنت کے لئے60سال کی حد عمر ہے۔

متعلقہ عنوان :