کسٹمز نے قیمتی موبائل فونزکی اسمگلنگ ناکام بنادی

بیگوں میں 950 قیمتی موبائل سیٹس موجود ہیں جن کی مالیت کروڑوں روپے ہے

منگل 15 مارچ 2016 18:57

کراچی ۔ 15 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔15 مارچ۔2016ء) پاکستان کسٹمز پریونٹیو کلکٹریٹ نے جناح ٹرمینل کراچی میں انسداد اسمگلنگ مہم کے تحت گزشتہ روز ملک میں کروڑوں روپے مالیت کے 950 موبائل فونز کی اسمگلنگ ناکام بنادی۔ ترجمان کسٹم کے مطابق چیف کلکٹر کسٹمز ساوٴتھ انفورسمنٹ زاہد کھوکھر کے مطابق جناح ٹرمینل میں بین الاقوامی آمد پر تعینات ڈپٹی کلکٹر کسٹمز پریونٹیو امجد امان لغاری نے کھیپ کے ذریعے قیمتی الیکٹرونکس مصنوعات کی اسمگلنگ پر قابو پانے کے لئے اپنا خفیہ نیٹ ورک متحرک کیا ہوا ہے جو بیرون ملک سے اسمگل ہونے والی کھیپ اور کھیپی کے بارے بروقت معلومات فراہم کرتا ہے۔

ڈپٹی کلکٹر کسٹمز کو یہ اطلاع ملی تھی کہ دبئی سے کسی بھی فلائٹ سے قیمتی موبائل فونز کی بڑی تعداد اسمگل کرنے کی کوشش کی جائے گی جس پر انہوں نے اپنی نگرانی میں متعلقہ عملے کو ہائی الرٹ اور بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کی جانچ پڑتال سخت کردی تھی۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز جب غیر ملکی ایئرلائن ایمرٹس کی دبئی سے آنے والی پرواز ای کے 618 کے ذریعے 4 بیگ لائے گئے لیکن کسٹم حکام کی سخت جانچ پڑتال کو دیکھتے ہوئے ان بیگوں کے مالک غائب ہو گئے۔

بعد ازاں جب کسٹم حکام نے ان بیگوں کی جانچ پڑتال کی تو معلوم ہوا ان بیگوں میں 950 قیمتی موبائل سیٹس موجود ہیں جن کی مالیت کروڑوں روپے کی ہے۔ کسٹمز حکام نے ان چاروں بیگوں کوقبضے میں لیتے ہوئے متعلقہ ایئر لائنز سے رابطہ کرتے ہوئے اسمگلنگ کی ناکام کوشش کرنے والے مسافر کی تلاش شروع کر دی ہے۔

متعلقہ عنوان :