پی او ایف ہتھیاروں کی برآمد کیلئے نئی مارکیٹ ڈھونڈے۔ اسلحے میں خود مختاری کیلئے ٹیکنالوجی اپ گریڈ کی جائے۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف

Zeeshan Haider ذیشان حیدر منگل 15 مارچ 2016 20:46

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 15 مارچ۔2015ء) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ پی او ایف ہتھیاروں کی برآمد کیلئے نئی مارکیٹ ڈھونڈے۔ اسلحے میں خود مختاری کیلئے ٹیکنالوجی اپ گریڈ کی جائے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے آرڈیننس فیکٹری واہ کا دوسرا اہم دورہ کیا۔ آرمی چیف کو چیئرمین پی او ایف لیفٹننٹ جنرل عمر محمود حیات نے انڈسٹریل کمپلیکس کی کارکردگی اور مستقبل کے پلان پر بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

آرمی چیف نے فیکٹری کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور فیکٹری کے نئے گولہ بارود کے پلانٹ کا افتتاح کیا۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے مینجمنٹ سٹاف سے خطاب میں کہا کہ پی او ایف پاکستان کی پہلی دفاعی انڈسٹری ہے جس کا پاکستان آرمڈ فورسز کی جنگی صلاحیت بڑھانے میں مثالی کردار ہے۔ بہترین معیار سے حاصل دیگر ممالک کی توجہ کا فائدہ اٹھایا جائے۔ آرمی چیف نے آپریشن ضرب عضب میں اسلحہ اور گولہ بارود کی ضرورت پوری کرنے کی پی او ایف کی کوششوں کی تعریف کی۔ آرمی چیف نے اسلحہ میں مزید تکنیکی جدت اور خود کفالت پر زور دیا۔