Live Updates

وزیراعلیٰ نے پنجاب ایگریکلچر، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے قیام کی منظوری دے دی،اتھارٹی مکمل خودمختار ہوگی

اتھارٹی کا قیام انتہائی اہمیت کا حامل ہے، غیرمعیاری خوراک، ادویات اور زرعی ادویات و سپرے کا خاتمہ ممکن ہوگا،لاہور میں ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری کے بعد ملتان، فیصل آباد، بہاولپور اور راولپنڈی میں ڈرگ ٹیسٹنگ لیبزکو اپ گریڈ کیا جائے گا وزیراعلی شہباز شریف ٰکا اجلاس سے خطاب

منگل 15 مارچ 2016 21:06

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15 مارچ۔2016ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے پنجاب ایگریکلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے قیام کی منظوری دے دی ہے ۔یہ اتھارٹی مکمل طورپر خود مختار ہوگی۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اتھارٹی کے قیام کی منظوری آج ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں اجلاس سے خطاب کے دوران دی۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو معیاری ادویات کی فراہمی، بہترین زرعی ادویات و کھاد اور ملاوٹ سے پاک خوراک کی فراہمی کیلئے اتھارٹی کا قیام انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

پنجاب ایگریکلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی مکمل طور پر خودمختار ہوگی اور لاہور میں ملک کی پہلی جدید ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری کے قیام کے بعد ملتان، فیصل آباد، بہاولپور اور راولپنڈی میں بھی ڈرگ ٹیسٹنگ لیبزکو اپ گریڈ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

جس طرح لاہور میں جدید خطوط پر ڈرگ ٹیسٹنگ لیب کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، اسی طرح چاروں شہروں میں ڈرگ ٹیسٹنگ لیبز کو سٹیٹ آف دی آرٹ بنایا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پنجاب کے چار بڑے شہروں میں ڈرگ ٹیسٹنگ لیبز کو جدید بنانے کیلئے تیز رفتاری سے کام کیا جائے اور اس ضمن میں تمام امور کو انتہائی پیشہ ورانہ انداز سے آگے بڑھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اتھارٹی کے قیام سے غیرمعیاری ملاوٹ شدہ خوراک، ادویات اور زرعی ادویات و سپرے کا خاتمہ ممکن ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب ایگریکلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی ہر قسم کی مداخلت سے پاک ہونی چاہیئے۔

اتھارٹی اور لیبز کی اپ گریڈیشن کیلئے مکمل طور پر نیا عملہ بھرتی کیا جائے اور نئے عملے کی تربیت پر خصوصی توجہ دی جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سٹیئرنگ کمیٹی اتھارٹی کے قیام اور دیگر شہروں میں لیبز کی اپ گریڈیشن کے منصوبے کو جلد سے جلد پایہ تکمیل تک پہنچائے۔ انسانی زندگیوں سے کھیلنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ خوراک اور ادویات کے نام پر عوام کو زہر کھلانے کی اجازت کسی صورت نہیں دی جا سکتی۔

انہوں نے کہا کہ اتھارٹی میں پیپرلیس نظام رائج کیا جائے اوراتھارٹی کا سوفیصد نظام ڈیجیٹل ہونا چاہیئے۔اس اہم اور نیک کام کیلئے ہر طرح کے وسائل حاضر ہیں۔ وزیراعلیٰ نے اتھارٹی کے قیام اور دیگر ڈرگ ٹیسٹنگ لیبز کو اپ گریڈیشن کے منصوبے کے امور کو تیز رفتاری سے آگے بڑھانے پر متعلقہ وزراء، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات اورمتعلقہ سیکرٹریز کی کارکردگی کی تعریف کی۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے وزیراعلیٰ کو اتھارٹی کے قیام، اہم خدو خال اور مسودہ قانون کے اہم نکات کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایاگیا کہ ایگریکلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے قیام کیلئے مسودہ قانون تیار کرلیا گیاہے۔صوبائی وزراء ڈاکٹر فرخ جاوید، بلال یاسین، مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ سے اجلاس میں شرکت کی۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات