لاہور ہائی کورٹ نے قبرستان کو مسمار کر کے لاشیں منتقل کرنے کا ریکارڈ طلب کرلیا

منگل 15 مارچ 2016 21:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15 مارچ۔2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے ماڈل ٹاؤن میں ڈیپارٹمنٹل سٹور کے قیام کیلئے قبرستان کو مسمار کر کے لاشیں منتقل کرنے کیخلاف دائر درخواست پر سول عدالت سے مقدمے کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے سماعت 29مارچ تک ملتوی کردی۔منگل کے روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست گزاروں نے موقف اپنایا کہ ماڈل ٹاؤن سوسائٹی کی انتظامیہ نے لنک روڈ پرڈیپارٹمنٹل سٹور کے قیام کیلئے ملی بھگت سے قبرستان کو مسمار کر کے لاشیں دوسری جگہ منتقل کر کے دفنا دی ہیں۔

اہل علاقہ کے آبائی قبرستان میں ان کے آباؤاجداد کی قبریں موجود تھیں جنہیں غیر قانونی طور پر مسمار کر کے لاشوں کی بے حرمتی کی گئی۔درخواست گزاروں نے بتایا کہ سول عدالت میں کئی سال سے مقدمے کی سماعت جاری ہے ،فاضل عدالت مذکورہ کیس کو جلد نمٹانے کے احکامات صادر کرے۔جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی نے سول عدالت سے مقدمے کا تمام ریکارڈ عدالت طلب کرتے ہوئے سماعت29 مارچ تک ملتوی کر دی۔

متعلقہ عنوان :