صدارتی طرز حکمرانی کا ڈھنڈورا پیٹنے والے جمہوریت دشمن ہیں

پیپلز پارٹی کے سینیٹ میں پارلیمانی لیڈر سینیٹر سعید غنی کابیان

منگل 15 مارچ 2016 22:34

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15 مارچ۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹ میں پارلیمانی لیڈر اور پی پی پی میڈیا سیل سندھ کے انچارج سینیٹر سعید غنی نے کہا ہے کہ جو لوگ پاکستان میں صدارتی طرز حکمرانی کا ڈھنڈورا پیٹ رہے ہیں وہ حقیقی معنوں میں جمہوریت دشمن، عوام دشمن اور پارلیمانی طرز حکمرانی کے خلاف سازش کرنے والے عناصر ہیں ۔

منگل کو پی پی پی میڈیا سیل سندھ سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پی پی پی نے جمہوریت کیلئے جو قربانیاں دی ہیں بالخصوص ذوالفقار علی بھٹوشہید اور محترمہ بینظیر بھٹوشہید کی شہادتیں اس بات کی گواہ ہیں کہ جب تک ایک بھی جیالا موجود ہے تب تک جمہوریت کے خلاف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت بالخصوص پارلیمانی طرز حکمرانی کے مقابلے میں صدارتی نظام مسلط رہا ہے اور اس صدارتی نظام کے کرتوت اور سیاہ کاریاں ایسی ہیں کہ پوری قوم اس کے عذاب میں گرفتار ہے، انہوں نے کہا کہ چند مٹھی بھر عناصر کسی نادیدہ قوت کی ایما پر صدارتی نظام کا نعرہ لگا کر عوام کو بیوقوف بنانے کے مشن پر آئے ہوئے ہیں جنہیں جلد ہی عوامی سوچ کا اندازہ ہوجائے گا کہ اس ملک کے عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے ویژن کے مطابق صرف پارلیمانی طرز حکمرانی ہی قبول کرتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :