زخمی فلسطینی بچے کو ریال میڈرڈ ٹیم سے ملاقات کی دعوت دیدی گئی

بدھ 16 مارچ 2016 12:19

رام اللہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 مارچ۔2016ء) فلسطین کے علاقے مغربی کنارے میں انتہا پسند یہودی آباد کاروں کے حملے میں آتشزگی کے باعث اپنے 18 ماہ کے بھائی ‘ والد اور والدہ کو کھو دینے والے ایک 5 سالہ فلسطینی بچے کو اسٹار فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو سمیت دیگر ریل میڈرڈ کھلاڑیوں سے ملاقات کی دعوت دی گئی ۔5 سالہ احمد دوابشا کے دادا کا کہنا تھا کہ وہ اپنے عزیزوں کے ساتھ اردن کے دارالحکومت امان سے سپین کا سفر کرے گا۔

(جاری ہے)

حسین دوابشا کے مطابق ان کو ریل میڈرڈ کی جانب سے دعوت دی گئی تاہم انھیں یہ معلوم نہیں کہ وہ ان کھلاڑیوں سے کب ملاقات کریں گے۔فلسطینی فٹ بال ایسوسی ایشن کے سربراہ جبریل راجوب نے ریل میڈرڈ کی جانب سے، ایک ایسے بچے کیلئے جو اپنا سارا خاندان کھو چکا ہے ‘ انسانی ہمدردی کی اس اعلیٰ مثال کو قائم کرنے پر ان کا خیر مقدم کیا۔انھوں نے کہا کہ اس سارے معاملے کے آغاز میں ایک نامعلوم سپاہی زین الدین زیڈان بھی شامل ہیں جن کا وہ دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔احمد دوابشا کے دادا کے مطابق بچے نے 8 ماہ کا عرصہ ہسپتال میں گزارا، اب وہ بہتر ہورہا ہے، تاہم اس کی مکمل صحت یابی کیلئے مزید وقت اور احتیاط درکار ہے۔

متعلقہ عنوان :