ہیکرز کی طرف سے غیر ملکی ذخائر سے 81 ملین ڈالر کی چوری، بنگلہ دیش کے سنٹرل بینک کے سربراہ مستعفی،دو نائب گورنر برطرف

بدھ 16 مارچ 2016 12:25

ڈھاکہ۔ 16 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔16 مارچ۔2016ء) بنگلہ دیش کے سنٹرل بینک کے سربراہ عطیع الرحمن نے اپنے عہدے سے استعفی دیدیا،اس بات کا اعلان بنگلہ دیش کے وزیر خزانہ اے ایم اے محیط نے اپنے بیان میں کیا ہے انھوں نے کہا ہے کہ عطیع الرحمن نے نامعلوم ہیکرز کی طرف سے بنگلہ دیش کے غیر ملکی ذخائر سے 81 ملین ڈالر کی چوری کی ذمہ داری قبول کر لی ہے،انھوں نے کہا کہ وہ ایک ماہ تک ہیکروں کی طرف سے غیر ملکی ذخائر سے 81 ملین ڈالر کی چوری کے بارے حکومت کو آگاہ کرنے میں ناکام رہے اور میری درخواست پر انھوں نے اپنے عہدے سے استعفی دیا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے مزید کہا کہ حکومت نے واقعہ کی انکوائری کا حکم دیدیا ہے اور جلد حقائق سامنے آجائیں گے۔سنٹرل بینک کے دو ڈپٹی گورنرز کو بھی ان کے عہدوں سے بر طرف کر دیا گیا ہے،گذشتہ ماہ 5 فروری کو ہیکروں نے بنگلہ دیش کے فیڈرل بینک آف نیویارک میں اکاؤنٹ کو ہیک کرنے کے بعد 81 ملین ڈالر فلپائن کے ایک اکاؤنٹ میں منتقل کر لئے ۔