حکومت پنجاب ذہین اور ہونہار طلباء کے لیے انقلابی اقدامات کررہی ہے‘پروفیسر ابرار احمد عابی

بدھ 16 مارچ 2016 13:14

خانیوال( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 مارچ۔2016ء) ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز پروفیسر ابرار احمد عابی نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب ذہین اور ہونہار طلباء کے لیے انقلابی اقدامات کررہی ہے اور ان کے لیے مختلف قسم کے سکالرشپس کا اجراء اس کی علم دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے تاکہ ہماری نوجوان نسل آنے والے چیلنجوں کا بھرپور طریقے سے مقابلہ کرسکے ۔

یہ بات انہوں نے گورنمنٹ کالج آف کامرس خانیوال میں منعقدہ پنجاب ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈز ایوارڈنگ تقریب سے خطاب کے دوران کہی جس کی صدارت پرنسپل کالج ہذا پروفیسر چوہدری محمد عاقب نے کی اس موقع پر چیف انٹرنل آڈیٹر پیف عرفان امجد ‘ ایڈمن آفیسر احمد اسماعیل سمیت طلباء اور والدین کی کثیر تعداد موجود تھی ۔چیف انٹرنل آڈیٹر پیف عرفان امجد نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے پیف سکالرشپ کے ذریعے ہونہار اور غریب طلباء کی مالی معاونت کر کے انہیں تعلیم کے حصول میں آسانی پیدا کردی ہے اور حکومت پنجاب نے اس فنڈ کی رقم ایک ارب سے بڑھا کر 16ارب روپے کردی ہے جس سے 1لاکھ 50ہزار طلباء مستفید ہوسکیں گے ۔

(جاری ہے)

پرنسپل چوہدری محمد عاقب احمد نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب صوبہ بھر میں تعلیم عام کرنے اور طلباء کو سہولتیں فراہم کرنے میں دن رات خلوص دل سے مصروف عمل ہیں ۔پنجاب گروپ آف کالجز کی طالبہ رابعہ شریف نے پیف سکالرز شپس کی اہمیت اور افادیت پر روشنی ڈالی ‘ اقصیٰ اکرم گورنمنٹ کالج خواتین جہانیاں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے پیف کا اجرا کرکے طلباء پر احسان عظیم کیا ہے وہ ان کے تہہ دل سے مشکور ہیں جبکہ طالبہ آمنہ انوار کے والد مسعود انور نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے غریب طبقے کے لیے اعلیٰ تعلیم کے حصول کو آسان بنا دیا ہے غریب آدمی اپنے بچوں کو اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تعلیم نہیں دلواسکتا تھا لیکن پیف کے اجرا نے ان کی یہ مشکل آسان کردی ہے تقریب سے محمد اعظم نے بھی خطاب کیا آخر میں عرفان امجد ‘ پروفیسر ابرار احمد عابی اور پرنسپل چوہدری عاقب احمد نے طلباؤ طالبات میں پیف سرٹیفکیٹ اور ایوارڈ تقسیم کیے ۔

متعلقہ عنوان :