دہشت گردوں نے اخبارات میں اشتہار دیکر نام تبدیل کرنا شروع کر دیا

بدھ 16 مارچ 2016 13:29

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 مارچ۔2016ء)دہشت گردوں نے اخبارات میں اشتہار دیکر نام تبدیل کرنا شروع کر دیا۔ ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے تخریب کاری کی وارداتوں کیلئے آسان طریقہ ڈھونڈ لیا ہے۔ دہشت گرد اخبارات میں نام تبدیل کرنے کا اشتہار دیکر نیا شناختی کارڈ بناتے ہیں ۔ گرفتار دہشتگرد اور کالعدم لشکر جھنگوی سندھ کے امیر عطاالرحمان عرف نعیم بخاری نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بچنے کیلئے 12 اکتوبر سال 2014 میں اخبار میں نام تبدیلی کا اشتہار دیا اور 6 نومبر کا نادرا سے با آسانی نیا شناختی کارڈ حاصل کر لیا۔

(جاری ہے)

اشتہار کے مطابق عطالرحمان بخاری نے نام تبدیل کر کے غلام محمد ولد فقیر محمد درج کرایا۔ دیئے گئے اشتہار میں عطاالرحمان عرف نعیم بخاری کا شناختی کارڈ نمبر یکساں رہا۔ نام تبدیلی کے بعد مطلوب ترین دہشتگرد با آسانی کراچی آتا جاتا رہا۔ عطا الرحمان عرف نعیم بخاری کی گرفتاری پر 2 کروڑ روپے انعام مقرر تھا۔دہشت گرد شہید ایس ایس پی چوہدری اسلم، جسٹس مقبول باقر پر بم حملوں سمیت تخریب کاری کی مختلف وارداتوں کا ماسٹر مائنڈ تھا۔ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دھوکا دینے میں ناکام رہا اور اسے گرفتار کر لیا گیا گرفتاری فروری 2016 میں ظاہر کی گئی۔