کراچی ‘10 تھانوں کی حدود میں سب سے زیادہ اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں ریکارڈ کی گئی،فیروزآبادتھانہ سرفہرست

بدھ 16 مارچ 2016 13:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 مارچ۔2016ء) کراچی میں اسٹریٹ کرائم کا جن بے قابو ہو گیا، شہر قائد کے 10 تھانوں کی حدود میں سب سے زیادہ اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں ریکارڈ کی گئی ہیں جن میں سرفہرست فیروز آباد تھانہ ہے۔شہر قائد کا عام شہری اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں سے متاثر ہے۔ مسلح ملزمان شہر قائد کی مختلف شاہراہوں پر دندناتے پھر رہے ہیں، ملزمان کسی بھی شاہراہ پر شہریوں کو روکتے ہیں، چھینا جھپٹی کرتے ہیں اور فرار بھی ہو جاتے ہیں۔

شہر قائد کے دس تھانوں کی حدود میں سب سے زیادہ اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں ریکارڈ کی گئی ہیں۔فیروز آباد اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں پہلی پوزیشن پر آ گیا جہاں رواں سال 1 ہزار 461 موبائل فونز چھینے گئے ہیں۔ شاہراہ فیصل دوسرے، گلشن اقبال تیسرے اور کورنگی انڈسٹریل ایریا چوتھے نمبر پر ہے۔

(جاری ہے)

عزیر بھٹی، تیموریہ، نیو ٹاوٴن تھانوں کی حدود میں بھی سب سے زیادہ اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں ریکارڈ کی گئی ہیں۔

عزیز آباد، نارتھ ناظم آباد اور سچل تھانوں کی حدود میں بھی اسٹریٹ کرائم ایک اہم مسئلہ ہے۔ گلشن اقبال اور کورنگی انڈسٹریل ایریا میں 11 سو 31 موبائل فونز چھینے گئے ہیں۔ عزیز بھٹی، تیموریہ، نیو ٹاوٴن میں 8 سو 71 موبائل فونز چھیننے کی وارداتیں ریکارڈ کی گئی ہیں۔پولیس حکام کا دعوی ہے کہ ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور اغوا برائے تاوان کی طرح بہت جلد اسٹریٹ کرائم کا بے قابو جن بھی بوتل میں بند ہو جائے گا۔

متعلقہ عنوان :