سکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خلاف کام کررہی ہیں ‘ قومی یکجہتی کی اشد ضرورت ہے ‘شاہ محمود قریشی

بدھ 16 مارچ 2016 15:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 مارچ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر شاہ محمود قریشی نے پشاور میں سرکاری ملازمین کی بس میں بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خلاف کام کررہی ہیں ‘ قومی یکجہتی کی اشد ضرورت ہے ‘حکومت پر خواتین کے بل کے حوالے سے مولانا فضل الرحمان کا دباؤ ہے ‘ عجلت میں کی گئی قانون سازی کے نقصانات ہوتے ہیں ‘ ٹی ٹوئنٹی کو جم کر کھیلنے کی ضرورت ہے کسی دباؤ میں آنے کی ضرورت نہیں۔

بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پشاور کا واقعہ افسوسناک ہے، قیمتی جانوں کے ضیاع پر بہت دکھ ہوا ہے، اس وقت ملک کودہشت گردی کے چیلنج کا سامنا ہے، اس میں قومی یکجہتی کی اشد ضرورت ہے، سیکیورٹی فورسز بھی دہشت گردی کے خلاف کام کررہی ہیں جبکہ پولیس کے جوانوں نے بھی اس جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خواتین کے حقوق کے حوالے سے پنجاب حکومت نے بڑا کام دکھایا اب مرکز والے کہہ رہے ہیں کہ ہم سے مشاورت نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پر خواتین کے بل کے حوالے سے ان کے اتحادی مولانا فضل الرحمان کا دباؤ ہے اب دیکھنا ہے کہ مذہبی جماعتیں اپنے موقف پر قائم رہتی ہیں یا اس سے پیچھے ہٹ جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عجلت میں قانون سازی جب بھی کی جائے تو اس کے نقصانات ضرورت ہوتے ہیں، ہم مولانا فضل الرحمان کا بہت احترام کرتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کرکٹ ٹیم کے حوالے سے کہا کہ ٹیم میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں بھارت سے کامیابی حاصل کرے گی ، ٹیم کو جم کر کھیلنے کی ضرورت ہے کسی دباؤ میں آنے کی ضرورت نہیں۔

متعلقہ عنوان :