این اے 153جلالپورپیروالا میں ضمنی انتخاب کل ہوگا، انتظامات مکمل

بدھ 16 مارچ 2016 16:18

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 مارچ۔2016ء) این اے 153جلالپورپیروالا ملتان میں ضمنی انتخاب کل 17مارچ کو ہوگا۔پولنگ کے سلسلے میں سکیورٹی ودیگر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ۔پولنگ عملے کو فوج کی نگرانی میں سامان کی ترسیل کردی گئی۔ضمنی انتخاب میں 7ہزارسے زائد پولیس کے اہلکار ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیں گے ،جبکہ فوج کے دستے بھی پولنگ سٹیشنز پر تعینات ہوں گے۔

حلقے میں 276پولنگ سٹیشنز میں سے 75کو حساس ترین قراردیا گیا۔ضمنی الیکشن میں 3لاکھ79ہزار962ووٹرزاپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ ضلع ملتان بھر میں عام تعطیل ہوگی تاہم میٹرک کے امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے۔ضمنی الیکشن میں تینوں مسلم لیگ(ن)،پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کے امیدواروں کے درمیان اصل مقابلہ ہوگا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق این اے 153جلالپور پیروالہ ملتان میں ضمنی انتخاب کے سلسلے میں پولنگ آج ہوگی۔

جن میں مردووٹرز کی تعداد2لاکھ678اور خواتین ووٹرزکی تعداد 1لاکھ 79ہزار284ہے۔276پولنگ اسٹیشنز پر 854پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں۔ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ(ن)کے رانا قاسم نون ،پیپلزپارٹی کے اکرم کنہوں،تحریک انصاف کے ملک غلام عباس کھاکھی سمیت 10امیدوار میدان میں ہیں ،تاہم مقابلہ تینوں بڑی سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کے درمیان ہی ہوگا۔ضمنی الیکشن کے حوالے سے ملتان پولیس نے سکیورٹی پلان جاری کردیا ہے جس کے مطابق ضمنی الیکشن میں کل 276پولنگ اسٹیشنز میں سے 75کوانتہائی حساس قراردیا گیا ہے۔

49پولنگ سٹیشنزاے کیٹگری اور 152بی کیٹگری کے ہیں۔ان پولنگ سٹیشنز میں سے 34مردانہ،34خواتین کیلئے جبکہ 208مردوخواتین کیلئے مشترکہ قائم کیے گئے ہیں۔الیکشن کے دوران کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کیلئے سی پی او ملتان اطہراکرام پولنگ کی خود نگرانی کریں گے جبکہ ان کی معاونت ایس ایس پی آپریشنز اور چار ڈی ایس پیزکریں گے ۔ضمنی الیکشن کے دوران 5ڈی ایس پیز،61انسپکٹرزسمیت کل 7329پولیس افسران اور اہلکارڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔ضمنی الیکشن کی وجہ سے ڈی سی او نے ضلع ملتان میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے ،تاہم تعلیمی بورڈ ملتان کے زیراہتمام میٹرک کے سالانہ امتحانات اور جامعہ زکریا کے زیراہتمام انٹری ٹیسٹ شیڈول کے مطابق ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :