پاکستان ناروے کو اپنا بااعتماد دوست اور شراکتی پارٹنر تسلیم کرتا ہے،پارلیمانی و اقتصادی تعاون کو فروغ دے کرموجودہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانا چاہتے ہیں

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی ناروے کے سفیر سے ملا قات میں گفتگو

بدھ 16 مارچ 2016 16:23

اسلا م آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 مارچ۔2016ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان ناروے کو اپنا بااعتماد دوست اور شراکتی پارٹنر تسلیم کرتا ہے اور پارلیمانی و اقتصادی تعاون کو فروغ دے کرموجودہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانا چاہتا ہے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ناروے کے سفیر Mr. Tore Nedreboسے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس میں سپیکر سے ملا قات کی ۔

سپیکر نے ناروے کی طر ف سے مشکل وقت میں پاکستان کی فرخدالانہ امداد کو سر اہا ۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک میں اقتصادی تعاون میں اضافہ خوش آئند ہے تاہم اس میں مزید تیزی لا نے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے پاکستان میں توانائی کی قلت کے خاتمے کے لیے ناروے کے تعاون کی خواہش کا اظہار کیا سپیکرنے دونوں ممالک میں تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے سیاسی قیادت اراکین پارلیمنٹ اور عوامی سطح پر رابطوں میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے دونوں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ کے وفود کے تبادلوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ اراکین پارلیمنٹ کے مابین مسلسل رابطوں سے انہیں ایک دوسر ے کے تجربات سے مستفید ہونے کے مواقع فراہم حاصل ہونگے اور باہمی آہنگی میں اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ناروے کے ساتھ اپنے قریبی تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے ۔ناروے کے سفیر Mr. Tore Nedrebo نے اپنی حکومت کی طرف سے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو عوامی رابطوں کے ذریعے مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے سماجی واقتصادی شعبوں میں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔

انہوں نے ناروے میں مقیم پاکستانیوں کی خدمات کو سر اہتے ہوئے کہا کہ ناروے میں مقیم پاکستانی تارکین وطن ناروے تر قی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں ۔انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کر سر اہا ۔انہوں نے کہا کہ حالیہ سالوں میں پاکستان میں جمہوریت مستحکم ہوئی ہے اور اقتصادی تر قی میں زبر دست اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک میں اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں تعاون میں اضافے کے وسیع مواقع موجود ہیں جنہیں باہمی مفادات کے لیے بروے کار لا نے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے سپیکرکو عالمی فورمز پر ناروے کی طرف سے پاکستان کی بھر پور حمایت کابھی یقین دلا یا ۔