فیصل آباد میں خاکروب بھی ” من مانیاں “ کرنے لگے ، سڑکوں کی صفائی کرنے کا سلسلہ ختم

بدھ 16 مارچ 2016 16:48

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔16 مارچ۔2016ء) ملک کے تیسرے بڑے شہر فیصل آباد میں خاکروب بھی ” من مانیاں “ کرنے لگے ، علیٰ الصبح سڑکوں کی صفائی کرنے کا سلسلہ ختم ، سورج نکلنے کے بعد صفائی کا کام شروع کر نا شہر یوں کیلئے مسائل کو جنم دینے لگا ، گردو غبار کے باعث حادثات بھی پیش آنے لگے ، مدن پورہ ،غلام محمد آباد ،رضا آباد ،عبداللہ پور ہیڈ برج اور جھال خانوآنہ کے گردونواح میں صورتحال زیادہ تشویشناک ، ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے افسران کا اس جانب متوجہ ہو کر خاکروبوں کو اپنے فرائض کی ادائیگی احسن طریقہ سے بر وقت ادا کرنے کا پابند کرنا بیحد ضروری ہوگیا ، تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں خاکروبوں نے بھی اپنی مرضی سے سڑکوں کی صفائی کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے ، عبداللہ پور ہیڈ برج جھال خانوآنہ کے گردونواح اور شہر کے دیگر کئی علاقوں میں علی الصبح سڑکوں کی صفائی کا کام کرنا عرصہ دراز سے جاری تھا مگر اب خاکروبوں نے سڑکوں کی صفائی سورج نکلنے کے بعد کرنے کو اپنی ” عادت “ بنا لیا ہے اور سڑکوں کی صفائی کے دوران اٹھنے والا گردوغبار لوگوں کی آنکھوں میں پڑ کر حادثات کا باعث بھی بننے لگا ہے ، دن چڑھے سڑکوں کی صفائی کرنا دفاتر کا روباری مراکز اور تعلیمی اداروں میں حصول علم کیلئے جانیوالے طلبہ کیلئے بھی مسائل کا باعث بننے لگا اور صفائی کے دوران اٹھنے والا گردو غبار لوگوں کے لئے وبال جان بن کر رہ گیا ہے ، عوامی ، سماجی حلقوں نے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے افسران اس جانب بھی متوجہ ہوں اور خاکروبوں کو سڑکوں کی صفائی علی الصبح شروع کر نے کا پابند بنا کر شہریوں کو مشکلات سے نجات دلائی جائے ۔

متعلقہ عنوان :