ماہی پروری کے18افسران جدید تربیت کے لئے تھائی لینڈ پہنچ گئے

یہ افسران کیج کلچر اور انٹینسو کلچر ٹیکنیک کے ذریعے مچھلیاں پالنے کے ماڈرن طریقوں کی تربیت حاصل کریں گے دوران تربیت جنوب مشرقی ایشیا کے تھائی لینڈ میں واقع سب سے بڑے پراسیسنگ یونٹ کا بھی دورہ کریں گے وزیر اعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق ایکوا کلچر کے شعبہ میں بلیو ریوولوشن لانے کے حوالے سے افسران کو بیرون ملک تربیت دلوائی جا رہی ہے

بدھ 16 مارچ 2016 17:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔16 مارچ۔2016ء) وزیراعلی پنجاب کے جنوبی پنجاب کو ترقی دینے کے وژن پر عمل کرتے ہوئے محکمہ ماہی پروری نے کھارے اور نمکین پانیوں میں مچھلیاں پالنے کے جدید طریقے انٹینسو کلچر(Intensive Culture) کے حوالے سے جدید ممالک میں رائج طریقوں سے آگاہی کے لئے ماہی پروری کی تربیت کے حصول کے لئے 18 افسران کو تھائی لینڈ بھجوا دیا ہے۔

یہ افسران پوٹھوہار ریجن میں چھوٹے ڈیموں میں کیج کلچر (Cage Culture) ٹیکنیک کے ذریعے مچھلیاں پالنے کے ماڈرن طریقوں بارے بھی تربیت حا صل کریں گے۔ڈائریکٹر جنرل ماہی پروری پنجاب ڈاکٹر محمد ایوب نے یہ بات آج یہاں اپنے دفتر میں ملاقات کے لئے ا ٓنے والے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے کہا کہ یہ افسران معروف ادارے ایشیئن انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی میں پانچ ہفتے تک تربیت حاصل کرنے کے بعد جنوبی پنجاب اور پوٹھوہار ریجن میں موجود سرکاری و پرائیویٹ فش فارموں میں حاصل کردہ تربیت کو عملی استعمال میں لائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ افسران دوران تربیت جنوب مشرقی ایشیا کے تھائی لینڈ میں واقع سب سے بڑے پراسیسنگ یونٹ کا بھی دورہ کریں گے۔ڈاکٹر محمد ایوب نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کے وژن کے مطابق ایکواکلچر کے شعبہ میں بلیو ریوولوشن (Blue Revolution) لانے کے حوالے سے افسران کو بیرون ملک تربیت دلوائی جا رہی ہے تاکہ نہ صرف اس شعبہ کو دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی طرز پر جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے بلکہ ملکی معیشت کو بھی مزید مستحکم بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک تربیت کے لئے جانے والے افسرن کا انتخاب وزیر اعلی پنجاب کی ہدائت پر چےئرمین منصوبہ بندی و ترقیات کی بنائی گئی 5 رکنی کمیٹی نے کیا تھا جس میں 3 اراکین کا انتخاب محکمہ ماہی پروری کے اعلی افسران میں سے کیا گیا تھا جبکہ ایک رکن یونیورسٹی آف وٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز کے ڈین اور ایک ممبر پروفیسر آف زوالوجی اینڈ فشریز کا تعلق ورچوئل یونیورسٹی سے تھا۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک تربیت پر جانے والوں میں سے اکثر افسران پہلے ہی ان منصوبوں پر کام کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ بیرون ملک تربیت کے لئے جانے والوں کا پہلا بیج (badge) بھیجا گیا ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں مزید 20 افسران کو بھیجا جائے گا۔ڈی جی فشریز نے مزید بتایا کہ بیرون ملک تربیت حاصل کرنے کے لئے جانے والوں میں 6 ڈپٹی ڈائریکٹر فشریز، 9 اسسٹنٹ ڈائریکٹرفشریز، ایک ڈسٹرکٹ آفیسر فشریز، ایک سٹیٹسٹیکل آفیسر اور ایک بوٹانسٹ شامل ہیں۔ ۔

متعلقہ عنوان :