تحصیل ناظم محمد اسحق سے ناظم آصف خان کی سربراہی میں نیبرہڈ کونسل نواں شہر کے نمائندہ وفد کی ملاقات

بدھ 16 مارچ 2016 18:28

ایبٹ آباد۔ 15 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔16 مارچ۔2016ء) نواں شہرنیبرہڈ کونسل کے نمائندہ وفد نے آصف خان ناظم اور خالد خان نائب ناظم کی سربراہی میں تحصیل ناظم محمد اسحاق سلیمانی سے منگل کے روز ملاقات کی۔ اس موقع پر چیف افسر رشید خان، تحصیل ممبر سردار بابا فیاض، سائیں گل چنگیزی ایڈووکیٹ اور قاضی عبیدالرحمن سمیت کونسلروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

وفد ارکان نے تحصیل ناظم کو ٹاؤن کمیٹی نواں شہر اور نو تعینات چیئرمین ورکنگ کمیٹی سے متعلق شکایات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ نو تعینات چیئرمین عوامی مسائل کے حل میں رکاوٹ ڈال کر ان کی مشکلات بڑھانے کے ساتھ ساتھ آمرانہ رویہ اختیار کئے ہوئے ہیں جو جمہوریت کی سراسر نفی اور عوام کو غلام بنانے کی کوشش ہے۔

(جاری ہے)

تحصیل ناظم نے وفد ارکان کی شکایات کو غور سے سنا اور ان کے ازالہ کی یقین دہانی کروائی۔

اس موقع پر طے پایا کہ عنقریب ٹاؤن کمیٹی چیئرمین کے ہمراہ ایک مشترکہ اجلاس میں تمام امور پر گفت و شنید کے بعد تمام مسائل کا حل تلاش کیا جائے گا۔ تحصیل ناظم نے وفد ارکان کو یقین دلایا کہ نیبرہڈ کونسل کے اختیارات اور آزادی میں کوئی مداخلت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے منتخب ممبران کو عوام کی خدمت میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی اور درپیش مسائل کی نشاندہی اور ٹاؤن کمیٹی سے متعلق معاملات میں قانونی طریقہ کار اختیار کرنے کا مشورہ دیا جس میں کوتاہی کی شکایت تحصیل ناظم تک پہنچانے کی ہدایت بھی کی۔