قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر) محمد صفدر کی زیر صدارت اجلاس

کمیٹی کا حکومتی اداروں میں ای گورنمنٹ منصوبوں کی مانیٹرنگ کرنے کا فیصلہ

بدھ 16 مارچ 2016 18:52

اسلام آباد ۔ 15 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔16 مارچ۔2016ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی حکومتی اداروں میں ای گورنمنٹ منصوبوں کی مانیٹرنگ کرے گی۔ فیصلہ چیئرمین کمیٹی رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر) محمد صفدر کی صدارت میں ایک اجلاس میں کیا گیا۔ قائمہ کمیٹی کے ایک رکن نے بتایا کہ کمیٹی کے اجلاس میں آئی ٹی ٹیلی کام کے شعبہ میں جاری منصوبوں اور نئے شروع کئے جانے والے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر حکومتی اداروں کو پیپر ورک سے نجات دلانے کیلئے آئی ٹی کے منصوبہ ای گورنمنٹ پر گفتگو کرتے ہوئے رکن چوہدری طلال احمد نے کہا کہ ای گورنمنٹ کی ناقص حکمت عملی کے تحت 10 سال میں بھی اس پر عملدرآمد نہیں ہو سکا اور آئندہ بھی اس پر کیا پیش رفت ہو گی، کوئی نہیں معلوم۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ منصوبہ قابل عمل نہیں تو اس کو آئندہ قائمہ کمیٹی کے اجلاس کے ایجنڈے میں شامل نہ کیا جائے جس پر چیئرمین قائمہ کمیٹی کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کمیٹی کے اجلاس میں شریک سیکرٹری انفارمیشن کو ہدایات جاری کیں کہ جن حکومتی وزارتوں، ڈویژنوں یا اداروں میں ای گورنمنٹ منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔ کمیٹی ان اداروں میں منصوبے کی مانیٹرنگ کرے گی اور سرپرائز دورے کرے گی۔