تحریک انصاف مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی مقبولیت سے خوفزدہ ہے کیونکہ وہ اقتصادی انقلاب کیلئے کامیابی سے کام کر رہی ہے ‘تحریک انصاف خیبرپختونخوا کی عوام کی توقعات پر پورا اترنے میں ناکام ہوگئی ہے

مسلم لیگ (ن) کے ممبر پنجاب اسمبلی چوہدری محمد اشرف دیونہ کا بیان

بدھ 16 مارچ 2016 19:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 مارچ۔2016ء) مسلم لیگ (ن) کے ممبر پنجاب اسمبلی چوہدری محمد اشرف دیونہ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف مسلم لیگ ن کی حکومت کی مقبولیت سے خوفزدہ ہے کیونکہ وہ اقتصادی انقلاب کیلئے کامیابی سے کام کر رہی ہے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف خیبرپختونخوا کی عوام کی توقعات پر پورا اترنے میں ناکام ہوگئی ہے اور اب وہ نان ایشوز کے ذریعے وفاقی حکومت کے خلاف محاذ آرائی کے ذریعے اپنی کمزوریوں کو چھپانا چاہتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو جمہوریت کے استحکام کیلئے کام کرنا چاہیے کیونکہ یہ وقت کی ضرورت ہے اور حکومت کو نقصان پہنچانے کی کوششوں سے ملک کے مفاد کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں کسی حکومت نے نوجوانوں کوہنر مند بنانے کے لئے کچھ نہیں کیا ۔صوبہ بھر میں روزگار کے مواقع پید اکرنے کی کوشش نہیں کی گئی اور نہ ہی صنعتی ترقی کے لئے کوئی قدم اٹھایا گیا۔ شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب حکومت نے صوبے کی ترقی کیلئے تاریخی نوعیت کے اقدامات کئے ہیں اور نوجوانو ں کو بااختیار بنانے کے حوالے سے بھی موثر حکمت عملی اپنائی ہے۔