مسلح افواج کی 23مارچ کی پریڈ کے سلسلے میں ریہرسل جاری ، تینوں مسلح افواج کے چاق وچوبند دستوں کی شرکت

پاک فضائیہ کے طیاروں نے شاندار فضائی کرتب دکھائے جبکہ فل ڈریس ریہرسل پریڈ 21مارچ کو ہوگی، ٹریفک پلان جاری

بدھ 16 مارچ 2016 19:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 مارچ۔2016ء) اسلام آباد کے علاقے شکرپڑیاں میں واقع پریڈ گراؤنڈ میں مسلح افواج کی 23مارچ کی پریڈ کے سلسلے میں ریہرسل جاری ہے جس میں تینوں مسلح افواج کے چاق وچوبند دستوں نے شرکت کی جبکہ فل ڈریس ریہرسل پریڈ 21مارچ کو کی جائے گی۔ 21اور23مارچ کیلئے ٹریفک پلان کو حتمی شکل دے دی گئی۔

(جاری ہے)

بدھ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آرکے مطابق شکرپڑیاں پریڈ گراؤنڈ میں مسلح افواج نے یوم پاکستان پریڈ کے حوالے سے ریہرسل کی،ڈی سی جوائنٹ اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل نجیب اﷲ اور ایجوٹینٹ جنرل لیفٹیننٹ جنرل ملک ظفر اور کور کمانڈر ٹین کور نے ریہرسل پریڈ کا معائنہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ریہرسل میں ناردرن لائٹ انفنٹری،مجاہد فورس کی دستوں اسلام آباد پولیس،مسلح افواج اور خواتین آفیسرز،آرمرڈکور،آرٹلری،آرمی ایئرڈیفنس کے دستوں نے بھی شرکت کی۔ریہرسل کے دوران پاک فضائیہ کے طیاروں نے شاندار فضائی کرتب دکھائے۔آئی ایس پی آر کے مطابق ریہرسل23مارچ یوم پاکستان کو ہونے والی پریڈ کی تیاریوں کا تسلسل ہے۔21مارچ کو مسلح افواج کے دستے فل ڈریس ریہرسل کریں گے اور اس حوالے سے 21اور23مارچ کیلئے ٹریفک پلان کو بھی حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :