قومی اسمبلی میں فیوچر مارکیٹ بل 2016اور پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل ترمیمی بل 2015 اتفاق رائے سے منظور

بدھ 16 مارچ 2016 19:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 مارچ۔2016ء) قومی اسمبلی نے فیوچر مارکیٹ بل 2016اور پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل ترمیمی بل 2015 اتفاق رائے سے منظور کرلئے، فیوچر مارکیٹ بل سینیٹ سے منظور کردہ صورت میں منظور کیا گیا جبکہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل ترمیمی بل اب سینیٹ میں منظوری کیلئے بھجوایاجائے گا۔

(جاری ہے)

بدھ کو فیوچر مارکیٹ بل 2016وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی عدم موجودگی میں پارلیمانی سیکرٹری برائے خزانہ رانا محمد افضل نے ایوان میں منظوری کیلئے پیش کیا، شق وار منظوری کے دوران ڈپٹی سپیکر نے بل طویل ہونے کے باعث 28شقوں کی یکے بعد دیگرے منظوری کے بعد شق نمبر 29سے 124تک تمام شقوں کو کلب کرکے ایک ہی بار سب کی منظوری لی۔

بعد ازاں وزیر مملکت برائے قومی صحت و ریگولیشن سائرہ افضل تارڑنے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل ترمیمی بل 2015 ایوان میں منظوری کیلئے پیش کیا، جسے اپوزیشن کی طرف سے مخالفت نہ ہونے پر اتفاق رائے سے منظور کرلیا گیا، شق وار منظوری کے دوران وزیر مملکت نے بل میں بعض ترامیم بھی پیش کیں جنہیں ایوان نے منظور کرکے بل کا حصہ بنایا۔ قبل ازیں ایوان نے بل بارے قائمہ کمیٹی کی رپورٹ پیش ہونے سے قبل ہی اس کی منظوری کیلئے تحریک بھی منظور کی۔