کوشش ہو گی کہ آئندہ میچز میں بھی اچھی فارم برقرار رکھ سکوں، محمد حفیظ

محمد حفیظ نے بنگلا دیش کے خلاف 42 گیندوں پر 64 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی

بدھ 16 مارچ 2016 20:00

کوشش ہو گی کہ آئندہ میچز میں بھی اچھی فارم برقرار رکھ سکوں، محمد حفیظ

کولکتہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 مارچ۔2016ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے بلے باز محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ بنگلا دیش کے خلاف ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کر کے بڑے ٹوٹل کی بنیاد رکھی اور کوشش ہو گی کہ آئندہ میچز میں بھی فارم برقرار رکھ سکوں۔میچ کے بعد اپنے انٹرویو میں محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ گزشتہ کئی ماہ سے ٹی ٹوئنٹی میں اچھی کارکردگی نہیں دکھا پا رہے تھے لیکن یہ ٹورنامنٹ ایک علیحدہ ٹورنامنٹ ہے اس کے لئے تمام لڑکوں نے بہت محنت کی ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہم نے وارم اپ میچ میں سری لنکا کے خلاف بھی اچھا پرفارم کیا تھا جس سے لڑکوں کو اعتماد ملا اور بنگلہ دیش کیخلاف میچ میں بھی ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کر کے بڑے ٹوٹل کی بنیاد رکھی اور 202 رنز کا ہدف دیا۔

حفیظ کا کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی میں سلو وکٹ پر 200 سے زائد رنز کا ہدف اچھا ٹوٹل ہے لیکن میچ جیتنے کے لئے بھرپور محنت کرنا ہوگی اور ہمارے پاس فاسٹ اور اسپن بولنگ کا اچھا کمبی نیشن موجود ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ کوشش کروں گا کہ ٹورنامنٹ کے اگلے میچز میں بھی اسی فارم کو برقرار رکھوں۔واضح رہے کہ محمد حفیظ نے بنگلا دیش کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوسرے میچ میں 42 گیندوں پر 64 رنز کی اننگز کھیلی۔ اٹھارویں اوور میں تسکین احمد کی گیند پر شبیر رحمان نے ناقابل یقین کیچ پکڑ کر ان کی اننگز کا خاتمہ کیا۔