آئندہ نسلوں کو دہشت گردی سے پاک پاکستان دینا چاہتے ہیں،کرپٹ نظام کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہو گا‘ اسپیکر پنجاب اسمبلی

پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ،ملک کو مسائل کی دلدل سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کرنے لیے مل کر محنت کر نا ہو گی‘ رانا محمد اقبال

بدھ 16 مارچ 2016 20:08

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 مارچ۔2016ء) اسپیکرپنجاب اسمبلی رانامحمد اقبال خاں نے کہاہے کہ ہمیں کرپٹ نظام کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہو گا، ملک کو مسائل کی دلدل سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کرنے لیے مل کر محنت کر نا ہو گی،ہم آئندہ نسلوں کو دہشت گردی سے پاک پاکستان دینا چاہتے ہیں،یہی وجہ ہے کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،صوبہ میں دیہی ترقی پروگرام کے تحت سڑکوں کا جال بچھایا جا رہا ہے۔

لوگوں کو روز گار کے مواقع حاصل ہو رہے ہیں،بجلی پیدا کرنے کے نئے منصوبے لگا ئے جا رہے ہیں،اقتصادی راہداری جیسے منصوبوں سے تمام صوبے مستفید ہو رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب ضلع قصور کے مختلف چکوک میں واٹر سپلائی اور نکاسٗی آب کی متعدد سکیموں کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

دینہ ناتھ میں واٹر سپلائی سکیم کی افتتاحی تقریب میں پہنچنے پر رانا محمد اقبال خاں کو پھولوں کے ہارپہنائے گئے اور ڈھول کی تھاپ پر رقص کر کے زبردست استقبال کیا گیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کو اﷲ تعالی نے لازوال قدرتی وسائل سے مالا مال کیا ہے۔ ہمیں ان وسائل سے استفادہ کرنا چاہیے انھوں نے کہا کہ علاقہ کی محرومیوں کو ختم کرنا ان کی اولین ترجیح ہے۔حکومت تعلیم اور صحت پر خصوصی توجہ دے کر ایک صحت مند او مہذب معاشرے کی تعمیر کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف بلا تفریق عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔ رانا محمد اقبال خاں نے کہا کہ ہسپتالوں میں مریضوں کے مفت علاج معالجے، اپریشن اور میڈیکل ٹیسٹوں کی سہولت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔