Live Updates

جہانگیر ترین کی صدارت میں سینٹرل ریجن پنجاب کے رہنماؤں کا این اے101کے ضمنی الیکشن کیلئے اجلاس

حکومت دھونس اور دھاندلی کا ہر حربہ اختیار کرے گی لیکن پی ٹی آئی ہر ایسی کاروائی کو ایکسپوز کرنے کی کوشش کرے گی ‘ جہانگیر ترین سرکاری وسائل کے باوجودحکومتی پارٹی شکست کھائے گی ‘عبدالعلیم خان اور دیگر مقررین کا خطاب و مشاورت

بدھ 16 مارچ 2016 20:08

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 مارچ۔2016ء) تحریک انصاف سینٹرل ریجن پنجاب کے مختلف اضلاع سے پارٹی رہنماؤں کا مشاورتی اجلاس جہانگیر خان ترین کی صدارت میں یہاں لاہور میں منعقد ہوا جس میں پارٹی رہنماؤں نے عبدالعلیم خان کی سربراہی میں این اے101کے ضمنی الیکشن کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی اور 22مارچ کو پولنگ ڈے پر پارٹی کارکنوں کو ذمہ داریاں سونپی گئیں ۔

جہانگیرخان ترین نے پارٹی رہنماؤں کو این اے101میں رضاکارانہ طور پر انتخابی مہم میں حصہ لینے اور پولنگ ڈے تک وہیں موجود رہنے کی ہدایت کی ۔انہوں نے کہا کہ حکومت دھونس اور دھاندلی کا ہر حربہ اختیار کرے گی لیکن پی ٹی آئی ہر ایسی کاروائی کو ایکسپوز کرنے کی کوشش کرے گی ۔جہانگیر ترین نے کہا کہ نواز لیگ کو این اے154میں شکست کے زخم ابھی نہیں بھولے اس لیے دوبارہ وزیر آباد اور جلالپور پیر والہ کے ضمنی الیکشن میں تمام سرکاری وسائل جھونک دیے گئے ہیں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی رہنما عبدالعلیم خان نے کہا کہ نواز لیگ دھاندلی کے بغیر کبھی کوئی الیکشن نہیں جیت سکتی ،این اے122اس کی واضح مثال ہے انہوں نے کہا کہ عوام بیدار ہو چکے ہیں اب وہ کسی طور کسی بہکاوے میں نہیں آئیں گے اور 22مارچ کواین اے101میں سرکاری مشینری کے باوجود حکومتی پارٹی شکست کھائے گی ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ اڑھائی برس کا طویل عرصہ حکومت ڈھٹائی کے ساتھ اپنی ناکامی تسلیم کر رہی ہے اور اس کی ذمہ داری اپوزیشن پر ڈالی جا رہی ہے ۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی کے مشاورتی اجلاس میں لاہور سے ایم پی اے محمد شعیب صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نواز لیگ کے جمہوریت دشمن رویے کے سامنے دیوار بن چکی ہے اور آنے والے دنوں میں حکومت کو مزید ٹف ٹائم دیا جائے گا اجلاس میں پنجاب کے اضلاع حافظ آباد ،گجرانوالہ ،قصور ،ننکانہ صاحب ،منڈی بہاؤالدین اور نارووال سے سہیل ظفر چیمہ ،ندیم ہارون ،ارشد ساہی ،لیاقت رانجھا ،چوہدری شاہ نواز اور الیاس چوہدری نے شرکت کی اجلاس میں پی ٹی آئی لاہور کے سابق جنرل سیکرٹری میاں افتخار کے والد کی وفات پر فاتحہ خوانی بھی کی گئی ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات