سات فوجی بیٹوں کی ماں کی ابو ظہبی کے ولی عہد سے ملاقات

آٹھواں بیٹا بھی فوج میں جائیگا ،اماراتی ماں کا اصرار،ولی عہد نے خراج تحسین پیش کیا

بدھ 16 مارچ 2016 20:14

سات فوجی بیٹوں کی ماں کی ابو ظہبی کے ولی عہد سے ملاقات

ابوظبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 مارچ۔2016ء) ابوظبی کے ولی عہد اور مسلح افواج کے نائب سپریم کمانڈر الشیخ محمد بن زاید نے فوج میں سروس کرنے والے سات بیٹوں کی ماں سے ملاقات کی ،اوراپنے آٹھویں بیٹے کو بھی فوج میں بھرتی کرنے کا وعدہ کیا،متحدہ عرب مارات کی ویب سائٹ کے مطابق آمنہ سالم المراشدہ نامی خاتون کے سات فوجی بیٹوں میں سے اس وقت چھ یمن میں اور ساتواں صومالیہ میں اپنے قومی فریضے کی انجام دہی میں مصروف ہیں۔

ماں کی خواہش پر آٹھویں بیٹے نے بھی اپنے بھائیوں کے نقش قدم پر چلنے کیلئے یمن میں اماراتی افواج میں شمولیت کے سلسلے میں درخواست دی تاہم پہلے ہی اس خاندان کے افراد کی ایک بڑی تعداد کے فوج سے منسلک ہونے کی وجہ سے حکام نے مذکورہ نوجوان کی درخواست مسترد کردی تاکہ وہ گھریلو امور اور اپنی سن رسیدہ ماں کا خیال رکھ سکے۔

(جاری ہے)

بیٹے کی درخواست مسترد ہونے پر ماں نے خود جا کر درخواست قبول کیے جانے کا مطالبہ کیا تاہم جنرل کمان نے اظہار تشکر کے ساتھ درخواست قبول کرنے سے انکار کردیا۔

اماراتی ماں نے باور کرا دیا کہ وہ اب الشیخ محمد بن زاید سے خود رابطہ کرے گی جس پر معاملے کو آگے پہنچانا ناگزیر ہوگیا۔ قصہ ابوظبی کے ولی عہد تک پہنچا تو وہ فورا شارقہ کی امارت روانہ ہوگئے جہاں انہوں نے مرحوم حمید النہم کی بیوہ سے ملاقات کی اور حب الوطنی کا عظیم سبق پیش کرنے پر خاتون کو خراج تحسین پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :