آئی سی سی ٹی ٹونئٹی ورلڈ کپ ٗ پاکستان کا عمدہ آغاز ٗ بنگلہ دیش کو 55رنز سے شکست دیکرپہلا میچ جیت لیا

پاکستان کے 201رنز کے جواب میں بنگلہ دیشی ٹیم مقررہ اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 146رنز بنا سکی محمد حفیظ 42گیندوں پر 64ٗاحمد شہزاد 39گیندوں پر 52رنز بنا کر نمایاں رہے ٗشاہد آفریدی کو شاندار آل راؤنڈ کار کر دگی پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا ٗکپتان نے 19گیندوں پر 49رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی ٗ دو بنگلہ دیشی بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی ٗ پاکستان اپنا اگلا میچ 19مارچ کو بھارت کے خلاف کھیلے گا

بدھ 16 مارچ 2016 20:14

آئی سی سی ٹی ٹونئٹی ورلڈ کپ ٗ پاکستان کا عمدہ آغاز ٗ بنگلہ دیش کو 55رنز ..

کولکتہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 مارچ۔2016ء) پاکستان نے آئی سی سی ٹی ٹونئٹی ورلڈ کپ میں عمدہ آغاز کر تے ہوئے بنگلہ دیش کو 55رنز سے شکست دیکر اپنا پہلا میچ جیت لیا ٗ پاکستان کے 201رنز کے جواب میں بنگلہ دیشی ٹیم مقررہ اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 146رنز بنا سکی ٗ محمد حفیظ 42گیندوں پر 64ٗاحمد شہزاد 39گیندوں پر 52رنز بنا کر نمایاں رہے ٗشاہد آفریدی کو شاندار آل راؤنڈ کار کر دگی پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا ٗکپتان نے 19گیندوں پر 49رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی جبکہ دو بنگلہ دیشی بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی ٗ پاکستان اپنا اگلا میچ 19مارچ کو بھارت کے خلاف کھیلے گا ۔

بدھ کوایڈن گارڈن اسٹیڈیم کولکتہ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اوپننگ بلے باز شرجیل خان اور احمد شہزاد نے ٹیم کو عمدہ آغاز فراہم کیا ٗدونوں بلے بازوں نے جارحانہ انداز میں اننگز کا آغاز کیا تاہم 26 کے مجموعی اسکور پر شرجیل خان 10 گیندوں پر 18 رنز بنا کر عرفات سنی کی گیند پر بولڈ ہوگئے جس کے بعد احمد شہزاد اور محمد حفیظ نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 95 رنز بنائے، دونوں بلے بازوں نے گراؤنڈ کے چاروں اطراف دلکش اسٹروک کھیلے ٗ ٹیم کا مجموعہ 121 تک پہنچا تو احمد شہزاد 39 گیندوں پر 52 رنز بنا کر صابر رحمان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے ٗ انہوں نے اپنی اننگز میں 8 چوکے لگائے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کپتان شاہد آفریدی اور محمد حفیظ نے تیسری وکٹ کی شراکت میں42 رنز بنائے ٗ 17ویں اوور میں ٹیم کا مجموعی اسکور 163 تک پہنچا تو محمد حفیظ 42 گیندوں پر64 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس میں 2 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے جب کہ عمر اکمل بغیر کوئی رنز بنائے تسکین احمد کا شکار بنے، کپتان شاہد آفریدی آخری اوور میں اپنی نصف سنچری سے صرف ایک رنز دوری پر کیچ آؤٹ ہوئے انہوں نے 4 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 19 گیندوں پر49 رنز بنائے۔

شعیب ملک 14 اور عماد وسیم بغیرکوئی گیند کھیلے ناٹ آؤٹ رہے اور پاکستانی ٹیم نے مقررہ بیس اوورز میں پانچ وکٹوں پر 201رنز بنائے ۔ بنگلادیش کی جانب سے تسکین احمد عرفات سنی نے 2 ٗ2 جبکہ صابررحمان نے ایک وکٹ حاصل کی۔202رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کو پہلے ہی اوور میں ایک وکٹ کے خسارے کا سامنا کرنا پڑا جب محمد عامر نے اپنی تیسری ہی گیند پرسومیا سرکار کو کلین بولڈ کیا جس کے بعد جارح مزاج شبیر الرحمان بھی 25 رنز بنانے کے بعد شاہد آفریدی کی گیند پر بولڈ ہوگئے ٗتیسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز تمیم اقبال تھے جو صرف 24 رنز ہی بناسکے ٗ محمد اﷲ 4 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

یکے بعد دیگرے وکٹیں گرنے کی وجہ سے بنگلہ دیشی بلے باز شدید دباؤ کا شکار رہے اور بڑے ہدف کے تعاقب میں وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتے رہے مشفق الرحیم اور شکیب الحسن نے پانچویں وکٹ کیلئے 39 رنز کی شراکت داری قائم کی اس موقع پر مشفق الرحیم 18 رنز پر محمد عامر کا شکار بنے اور شکیب الحسن کا ساتھ چھوڑ کر پویلین جابیٹھے ٗ محمد متھن کو محمد عرفان نے 2 رنز پر پویلن بھیجا۔

بنگلہ دیش کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 146رنز بنا سکی ٗ شکیب الحسن 50اور مشرقی مرتضیٰ پندرہ رنز بنا کر ناٹ آؤ ٹ رہے ۔پاکستان کی جانب سے کپتان شاہد آفریدی اور محمد عامر نے 2 ٗ2 عماد وسیم اور محمد عرفان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔کپتان شاہد آفریدی کو 19گیندوں پر 49رنز کی شاندار اننگز کھیلنے اور 27رنز دیکر دو وکٹیں حاصل کر نے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔پاکستان اپنا اگلا میچ 19مارچ کو میزبان بھارت کے خلاف کھیلے گا ۔