سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان میں فروری میں 490 کمپنیاں رجسٹر ہوئیں

بدھ 16 مارچ 2016 21:33

اسلام آباد ۔ 16 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔16 مارچ۔2016ء) سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان میں ماہِ فروری میں 490 کمپنیاں رجسٹر ہوئیں جو گزشتہ سال کے اسی مہینہ کے مقابلے میں 7 فیصد زائد ہے۔ فروری کے مہینے میں رجسٹر کی جانے والی کمپنیوں میں 79 فیصد کمپنیاں پرائیویٹ لمیٹڈ، 7 فیصد سنگل ممبر جبکہ باقی 4 فیصد کمپنیاں بطور پبلک ان لسٹڈ، نان پرافٹ ایسوسی ایشن اور بین الاقوامی کمپنیاں شامل ہیں۔

اس ماہ سب سے زیادہ کمپنیاں تجارتی شعبے میں رجسٹر ہوئیں جس کی تعداد 68 ہے جبکہ خدمات میں 63، تعمیراتی شعبے میں 50، انفارمیشن ٹیکنالوجی میں 47، سیاحت میں 39، پاور جنریشن میں 24، کمیونیکیشن، فوڈ اینڈ بیوریجز، ایندھن اور توانائی، رئیل اسٹیٹ ڈیویلپمنٹ میں مساوی طور پر 14، 14 کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں۔

(جاری ہے)

اس طرح تعلیم کے شعبے میں 13، کارپوریٹ ایگریکلچر فارمنگ میں 12 جبکہ ٹیکسٹائل میں 11، انجئینرنگ، فارماسیوٹیکل اور ٹرانسپورٹ میں مساوی طور پر 10 کمپنیوں کی رجسٹریشن حاصل کی۔

مزید پیپر اینڈ بورڈ میں 9 اور 68 کمپنیاں مختلف شعبوں میں رجسٹر ہوئیں۔ اسلام آباد اور لاہور میں پانچ بین الاقوامی کمپنیوں کو بھی رجسٹر کیا گیا۔ فروری کے دوران 23 کمپنیوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری ہوئی۔ ان سرمایہ کاروں کا تعلق چین، امریکہ، برطاینہ، اٹلی، برما، افغانستان اور متحدہ عرب امارات سے ہے جبکہ غیر ملکی سرمایہ کاری پاور جنریشن، ایندھن اور توانائی، تجارت، تعمیرات، انفارمیشن ٹیکنالوجی، کمیونیکشن اور رئیل اسٹیٹ ڈیویلپمنٹ کے شعبوں میں کی گئی۔ سب سے زیادہ رجسٹریشن اسلام آباد میں ہوئی جہاں 159 کمپنیاں رجسٹرہوئیں جبکہ 140 کمپنیاں لاہور، 139 کمپنیاں کراچی، 26 ملتان، 17 پشاور، 6 فیصل آباد جبکہ کوئٹہ میں 2 کمپنیوں نے رجسٹریشن حاصل کی۔

متعلقہ عنوان :