حکومت سندھ کاشتکاروں کو مارکیٹ تک رسائی کے لئے تمام سہولیات مہیا کرے گی۔ چیئرپرسن ایس بی آئی ناہید میمن

بدھ 16 مارچ 2016 21:36

کراچی ۔ 16 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔16 مارچ۔2016ء) سندھ بورڈ آف انوسٹمنٹ کی چیئرپرسن ناہید میمن نے کہا ہے کہ حکومت سندھ کاشتکاروں کو مارکیٹ تک رسائی کے لئے تمام سہولیات مہیا کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو اپنے آفس میں سندھ میں زرعی پیدا وار کو کاشت کار سے خرید کر محفوظ طریقے سے منڈی اور خریدار تک پہنچانے تک کے تمام امور بالخصوص کولڈ اسٹوریج اور ترسیل کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات کے جائزے اور معلومات کے تبادلے کے لئے سندھ بورڈ آف انوسٹمنٹ اور میولر اینڈ فیس کمپنی کے درمیان ایک اجلاس میں تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں میولر اینڈ فیس کمپنی کے صدر ریمینڈ سمکنز، سندھ انٹرپرائز ڈیوپلمنٹ فنڈ کے چیف ایگزیکٹو محبوب الٰہی اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے سندھ کی زرعی پیداوار بالخصوص کھجور، آم، کیلا، امرود، پپیتا اور ٹماٹر کی قدر میں اضافے، پیکنگ، کولڈ اسٹوریج، ویئر ہاؤسز، لاجسٹکس اور مارکیٹنگ کے شعبوں میں مفید سرمایہ کاری کے بارے میں آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ نئی سرمایہ کاری کے لئے حکومت سندھ سہولیات اور رعایت بھی دے رہی ہے۔ اس سلسلے میں سندھ انٹرپرائز ڈیوپلمنٹ فنڈ خصوصی معاونت فراہم کر رہا ہے۔ میولر اینڈ فیس کمپنی کے صدر ریمینڈ سمکنز نے اجلاس کو بتایاکہ ان کی کمپنی کراچی میں 1912ء سے کام کر رہی ہے جبکہ ایشیاء بحرالکاہل خطے کے 36 ممالک کے 80 سے زائد مقامات پر ڈسٹری بیوشن اور مارکیٹنگ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی پیداوار کو مناسب اور محفوظ طریقے سے کھیت اور باغ سے مارکیٹ اور خریدار تک پہنچانے کے اپنے تجربے اور سرمایہ کاری کے لئے درکار معلومات اور دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور اپنے آئندہ ماہ دورہ پاکستان میں اس سلسلے کو مزید آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔

متعلقہ عنوان :