پاک چین اقتصادی راہداری بلوچستان اور پاکستان کی معیشت کو بہتر بنانے اور انقلابی تبدیلیوں کا پیش خیمہ ثابت ہوگا

گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی کی جرمن قونصل جنرل سے گفتگو

بدھ 16 مارچ 2016 22:34

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 مارچ۔2016ء) گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری بلوچستان اور پاکستان کی معیشت کو بہتر بنانے کے علاوہ خطے میں تجارتی اور اقتصادی سرگرمیوں میں اضافہ اور انقلابی تبدیلیوں کا پیش خیمہ ثابت ہوگا ، سی پیک عوامی جمہوریہ چین کے روڈ اینڈ بیلٹ منصوبے کا ایک حصہ ہے جو دنیا کے تجارتی ومعاشی سرگرمیوں کے لئے مربوط کرنے کے سمندری راستوں کے متبادل کے طور پر پوری دنیا کو زمینی راستوں کے ذریعے مربوط کرے گا۔

وہ بدھ کے روز گورنر ہاؤس کوئٹہ میں کراچی میں تعینات جرمن قونصل جنرل سے گفتگو کر رہے تھے ۔ ملاقات کے دوران جرمنی اور فرانس کے اعزازی قونصل جنرل بریگیڈیئر (ر) عبدالرزاق بلوچ بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گورنر بلوچستان نے دورے پر آئے ہوئے جرمن سفارتکار کو بتایا کہ بلوچستان قدرتی ومعدنی وسائل سے مالامال ہے تاہم انہیں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لئے بیرونی تعاون ہمارے لئے مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ گورنر نے کہا کہ بلوچستان میں پہلی مرتبہ مقامی حقیقی قیادت کو حکمرانی کا موقع ملا ہے اور وہ صوبے کی پسماندگی اور محرومی دور کرنے کے لئے ہرممکن اقدامات کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات کے نتیجے میں صوبے میں امن وامان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت بیرونی سرمایہ کاروں کو مکمل تحفظ اور تمام ضروری سہولیات مہیا کرنے کا پختہ ارادہ رکھتی ہے۔ جرمن سفارتکار نے اپنے ملک کی جرمن کمپنیوں کی جانب سے بلوچستان میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا جس پر گورنر بلوچستان نے اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ ان میں سے جو بھی گوادر کا دورہ کرنا چاہے گا صوبائی حکومت ہرممکن تعاون کرے گی۔