بارشوں سے متاثرہ افراد خود کو تنہا نہ سمجھیں، ڈاکٹر حامد اچکزئی

بدھ 16 مارچ 2016 22:38

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 مارچ۔2016ء)صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات ڈاکٹر حامد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ بارشوں سے متاثرہ افراد خود کو تنہا نہ سمجھیں حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے، بارشوں میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو معاوضہ ادا کیا جائیگا، متاثرین کے نقصانات کا ازالہ کیا جائیگا اور ان کی امداد و بحالی کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع قلعہ عبداﷲ کے بارشوں سے متاثرہ علاقوں کے دورہ کے موقع پر متاثرین سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے ضلعی عہدیدار ، ڈپٹی کمشنر قلعہ عبداﷲ، محکمہ مواصلات و تعمیرات، محکمہ آبپاشی ، محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور محکمہ زراعت کے حکام بھی اس موقع پر صوبائی وزیر کے ہمراہ تھے، صوبائی وزیر نے کہا کہ متعلقہ حکام اور پارٹی کارکنان کے ہمراہ ان کا متاثرہ علاقوں کے دورے کا مقصد متاثرین سے ہمدردی اور یکجہتی کے اظہار کے ساتھ ساتھ متاثرہ علاقوں میں امدادوبحالی کی سرگرمیوں کا جائزہ بھی لینا ہے انہوں نے کہاکہ متاثرین کی مکمل بحالی تک حکومتی ادارے اور پارٹی کارکنان متاثرہ علاقوں میں موجود رہیں گے انہوں نے کہا کہ متاثرہ رابطہ سڑکوں کی فوری بحالی کو ہر صورت یقینی بنایا جائیگا جس کے لیے محکمہ مواصلات کی افرادی قوت اور بھاری مشینری مصروف عمل ہے اور انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ رابطہ سڑکوں کو فوراً بحال کیا جائے تاکہ امدادی سرگرمیوں میں مزید تیزی لائی جا سکے، اس موقع پر صوبائی وزیر نے ضلعی انتظامیہ اور پی ڈی ایم اے کے افسران کو متاثرین کے نقصانات کا سروے کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے چمن سمیت ملحقہ دیہاتوں اور کلیوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ متاثرین کی جانب سے صوبائی وزیر کے دورے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا گیا کہ ان کی آمد سے ان کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔صوبائی وزیر نے اس موقع پر متاثرین میں امداد ی سامان بھی تقسیم کیا۔