امریکا نے شمالی کوریا پر نئی پابندیاں عائد کردیں

جمعرات 17 مارچ 2016 11:29

واشنگٹن ۔ 17 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔17 مارچ۔2016ء) امریکی صدر براک اوباما نے شمالی کوریا کے حالیہ جوہری اور میزائل تجربے کے بعد صدارتی حکم نامے کے ذریعے نئی پابندیوں کا اطلاق کر دیا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکا کی جانب سے نئی پابندیوں اطلاق شمالی کوریا کی جانب سے حال ہی میں ہائیڈروجن بم اور طویل فاصلے تک جانے والے میزائل کے تجربات کے بعد کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

صدارتی حکم نامے کے مطابق امریکی حکومت شمالی کوریا کی معیشت کے ساتھ کام کرنے والے امریکی اور غیرامریکی افراد کو بلیک لسٹ کرسکتی ہے۔ وائٹ ہاوٴس کے ترجمان جوش ارنسٹ کا کہناہے کہ امریکا اور بین الاقوامی برادری شمالی کوریا کی غیرقانونی جوہری اور بیلسٹک میزائل سرگرمیوں کو برداشت نہیں کرے گی اور ہم شمالی کوریا پر اس کی قیمت عائد کرتے رہیں گے جب تک وہ بین الاقوامی اصولوں کے اطاعت نہیں کرتا۔انہوں نے کہا کہ یہ پابندیاں شمالی کوریا کی حکومت پر دباوٴ برقرار رکھنے کے طویل المدت عزم سے مطابقت رکھتی ہیں۔واضح رہے کہ شمالی کوریا نے گذشتہ جنوری میں جوہری تجربہ کیا تھا جس کے جواب میں رواں ماہ کے آغاز میں اقوام متحدہ کی جانب سے اس پر نئی سخت پابندیاں عائد کی گئی تھیں۔

متعلقہ عنوان :