بنگلہ دیش، جماعتِ اسلامی کے امیر مطیع الرحمان نظامی کے ڈیتھ وارنٹ جاری

جمعرات 17 مارچ 2016 11:38

ڈھاکہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔17 مارچ۔2016ء) بنگلہ دیش میں جماعتِ اسلامی کے امیر مطیع الرحمان نظامی کے لیے پھانسی کا پروانہ جاری کر دیا گیا، ان پر 1971ء کی جنگِ آزادی کے دوران جنگی جرائم کے ارتکاب کا الزام ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق بنگلہ دیش میں جماعتِ اسلامی کے امیر مطیع الرحمان نظامی کے ڈیتھ وارنٹ جاری کردیئے گئے ہیں۔

بنگلہ دیش کے انٹر نیشنل کرائمز ٹریبونل نے 29 اکتوبر 2014ء میں مطیع الرحمان نظامی کو سزائے موت سنائی تھی۔ سپریم کورٹ نے دو ماہ قبل اپنے ایک فیصلے میں ان کی سزا کو برقرار رکھا تھا۔جناب نظامی کے بیٹے نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے دوبارہ جائزے کی درخواست دی جائے گی۔جماعتِ اسلامی کے سیکریٹری جنرل علی حسن محمد مجاہد اور بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کے سینئر رہنما صلاح الدین قادر چودھری کو بھی مبینہ جنگی جرائم پر گذشتہ سال نومبر میں پھانسی دی جا چکی ہے۔

(جاری ہے)

بنگلہ دیش میں اب تک 1971ء کے مبینہ جنگی جرائم کے الزام میں حزبِ اختلاف سے تعلق رکھنے والے چار اعلیٰ رہنماوٴں کو پھانسی دی جا چکی ہے۔وزیر اعظم حسینہ واجد نے 2008ء میں اپنی انتخابی مہم کے دوران بنگلہ دیش کی پاکستان سے آزادی کی تحریک کید وران رونما ہونے والے جرائم کی تحقیقات کے لیے خصوصی عدالتی ٹریبونل کے قیام کا وعدہ کیا تھا۔انسانی حقوق کی کئی بین الاقوامی تنظیمیں ٹریبونل کی کارروائی پر سوالات اٹھاتی رہی ہیں جب کہ بنگلہ دیش کی حزبِ اختلاف کی جماعتوں کا الزام ہے کہ حسینہ واجد کی حکومت اپنے مخالفین کو کئی دہائیوں پرانے الزامات کی آڑ میں انتقامی کارروائی کا نشانہ بنا رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :