سکولز اور کالجز کی سطح پر جوڈو کے مقابلوں سے ملک میں جوڈو کے کھیل کو فروغ حاصل ہو سکتا ہے، کرنل (ر) شجاعت علی رانا

جمعرات 17 مارچ 2016 12:33

اسلام آباد ۔ 17 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔17 مارچ۔2016ء) پاکستان جوڈو فیڈریشن کے صدر کرنل (ر) شجاعت علی رانا نے کہا ہے کہ سکولز اور کالجز کی سطح پر جوڈو کے مقابلوں سے ملک میں جوڈو کے کھیل کو فروغ حاصل ہو سکتا ہے، گذشتہ روز اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں کھیلوں کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے ، ضرورت اس امر کی ہے کہ ان کو سہولیات فراہم کی جائیں تو یہ ہی ٹیلنٹ انٹرنیشنل سطح پر ملک کا نام روشن کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑی گرینڈ پری اور ایشین سنیئر جوڈو چیمپئن شپ میں شرکت کریں گے۔ گرینڈ پری 31مارچ سے 4اپریل تک ترکی میں کھیلی جائے گی جس میں شاہ حسین شاہ پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ شاہ حسین شاہ نے ساؤتھ ایشین گیمز میں سونے کا تمغہ حاصل کیا تھا اور امید ہے کہ گرینڈ پری میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر کے اپنی عالمی رینکنگ میں بہتری لائیں گے اور برازیل میں ہونے والے اولمپکس گیمز کیلئے کوالیفائی کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شاہ حسین شاہ بروقت ویزہ نہ ملنے کے باعث پان امریکن اوپن میں حصہ نہیں لے سکے۔ پان امریکن اوپن 10 سے 14 مارچ تک ارجنٹائن میں کھیلا گیا ،کرنل(ر) شجاعت رانا نے کہا کہ 8 رکنی قومی جوڈو ٹیم ایشین سینئر جوڈو چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے 10 اپریل کو ازبکستان روانہ ہوگی اور ایشین سینئر جوڈو چیمپئن شپ آئندہ ماہ 12 سے 17اپریل تک ازبکستان کے شہر تاشقند میں کھیلی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ میں 4 مرد اور تین خواتین کھلاڑی شرکت کریں گی جبکہ ایک آفیشلز بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف بین الاقوامی ایونٹ کی تیاری کیلئے قومی کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ پشاور میں جاری ہے جس میں سے ایشین سینئر چیمپئن شپ کیلئے باصلاحیت کھلاڑیوں کا انتخاب میرٹ کی بنیاد پرکیا جائے گا۔