جولائی تا جنوری2015-16کے دوران خدمات کے شعبہ کی درآمدات کا حجم 4ارب 37 کروڑ 7 لاکھ ڈالر تک کم ہوگیا، ادارہ شماریات

تجارتی خسارے میں نمایاں کمی خوش آئند ،قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہوگی ، ماہرین

جمعرات 17 مارچ 2016 13:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔17 مارچ۔2016ء) گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال2015-16ء کے پہلے سات ماہ کے دوران خدمات کے شعبہ کی درآمدات میں 14.53 فیصد کی نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعداد وشمار کے مطابق جاری مالی سال میں جولائی تا جنوری2015-16کے دوران خدمات کے شعبہ کی درآمدات کا حجم 4ارب 37 کروڑ 7 لاکھ ڈالر تک کم ہوگیا جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران خدمات کے شعبہ کا ملکی درآمدات کا حجم 5 ارب 11 کروڑ 34لاکھ 40ہزار ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال میں خدمات کے شعبہ کے تجارتی خسارہ میں بھی 29.97 فیصد سے زائد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ اور رواں مالی سال میں جولائی تا جنوری کے دوران خدمات کے شعبہ کا تجارتی خسارہ 1 ارب 27 کروڑ 73 لاکھ 40ہزار ڈالر تک کم ہوگیا جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران خدمات کے شعبہ کا تجارتی خسارہ 1ارب 82 کروڑ 39 لاکھ 50ہزار ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اقتصادی ماہرین نے خدمات کے شعبہ کے تجارتی خسارے میں ہونے والی نمایاں کمی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ادائیگیوں کے توازن کو بہتر بنانے اور قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہوگی۔

متعلقہ عنوان :