پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کا اپنے پارٹنر سکولوں کے اساتذہ اور ہیڈ ٹیچرز کی نئے ماڈل کے تحت تربیت کا فیصلہ

جمعرات 17 مارچ 2016 13:19

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔17 مارچ۔2016ء) پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے اپنے پارٹنر سکولوں کے اساتذہ اور ہیڈ ٹیچرز کی نئے ماڈل کے تحت تربیت کا فیصلہ کیا ہے، اس تربیتی پروگرام کا مقصدٹیچنگ سٹاف کی تدریسی صلاحیتوں کو اجاگر کر کے کوالٹی ایجوکیشن کا حصول ہے، اس حوالے سے اعلیٰ تعلیم یافتہ اور تجربہ کار ماسٹر ٹرینرز کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں تاکہ اساتذہ کو بہترین تربیت دلائی جاسکے۔

اس حوالے سے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی ڈائریکٹر عائشہ نعمان کی جانب سے جاری کردہ سرکلر میں اطلاع دی گئی ہے کہ پارٹنرسکولوں کے اساتذہ کی تربیت کے لیے سکول لیڈرشپ پروگرام اور ٹیچر ڈویلپمنٹ پروگرام متعارف کر وائے جا رہے ہیں۔ ہر ماڈل دو درجوں پر مشتمل ہو گا۔

(جاری ہے)

سکول لیڈرشپ پروگرام برائے ہیڈ ٹیچرز کا ہر لیول چار دن ہوگا جبکہ ٹیچرڈویلپمنٹ پروگرام کا ہر لیول پانچ دن پر مشتمل ہوگا۔

سرکلر میں بتایا گیا ہے کہ ٹریننگ کا آغاز جولائی 2016سے کیا جارہا ہے ۔بیشتر ٹریننگ گرمیوں کی چھٹیوں میں منعقد کروائی جائیں گی۔پیف کے تجربہ کار اور ماہر افراد ٹریننگ کر وائیں گے اور شرکاء کو مناسب اعزازیہ بھی دیا جائے گا۔ٹریننگ کے انعقاد کے لیے پیف کے قریبی سکول کو منتخب کیا جائے گااور کلسٹر میں شامل سکولزاس منتخب شدہ ٹریننگ وینیو میں شرکت کریں گے۔

سرکلر کے مطابق ٹریننگ کے ہر لیول کے ایک سے تین ماہ کے عرصہ میں شرکاء کو منتخب شدہ ٹیسٹنگ سروس کے ذریعے ٹیسٹ دینا ہوگا۔ٹیسٹ سنٹرشرکاء کی تحصیل میں بنایا جائے گا۔جو اساتذہ اور ہیڈٹیچرز لیول ون کا ٹیسٹ پا س کریں گے، وہی لیول ٹو کے لیے اہل ہوں گے اور جو اساتذہ ٹیچر ڈویلپمنٹ پروگرام کے لیے مذکورہ ٹیسٹ پاس کریں گے، انہیں پانچ ہزار روپیہ اعزازیہ ایک مرتبہ دیا جائے گا۔اسی طرح اگر ٹیچرایک ہی پارٹنر سکول میں مسلسل ایک سال خدمات سر انجام دے گا تو پیف اسے سالانہ پانچ ہزار روپیہ اعزازیہ اداکرے گی، تا ہم یہ رقم سکول کے اکاؤنٹ سے نہیں کا ٹی جائے گی اور یہ عمل ہر سال دہرایا جائے گا۔مزید برآں سندیافتہ اساتذہ کی تعداد کے مطابق پارٹنر سکولوں کی درجہ بندی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :